جامعہ محمود المدارس کشن گنج میں حفظ مکمل ہونے پر دستاربندی کا اہتمام

کشن گنج 7؍ ستمبر (نامہ نگار) جامعہ محمود المدارس نزد ایف سی آئی گوڈاؤن کشن گنج میں ایک طالب علم کے حفظ مکمل ہونے پر دعائیہ نشست کا انعقاد عمل میں آیا، اس موقع پر مدرسے کے تمام اساتذۂ کرام سمیت مدرسے کے مہتمم قاری مشکور احمد (مکھیا مودھو پنچایت) بھی بطور خاص شریک رہے۔ انہوں نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ طالب علم محمد احسان نے حفظ کلام پاک مکمل کرلیا ہے اور اب وہ حافظ احسان ہوگئے ہیں، قاری مشکور احمد نے بتایا کہ حافظ احسان نے بڑی محنت اور جد و جہد کے بعد قرآن پاک حفظ کیا ہے، نیز ان کے اساتذہ نے بھی ان پر توجہ اور محنت صرف کی ہے جس کا نتیجہ ہے کہ وہ آج حافظ قرآن بن گئے ہیں، اس موقع پر قاری مشکور احمد نے طالب علم کے اساتذہ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ قاری مشکور احمد نے کہا کہ قرآن پاک حفظ کرنا بڑی سعادت کی بات ہے، قیامت کے دن حافظ قرآن کے ماں باپ کو سورج سے زیادہ روشن تاج پہنایا جائے گا اور حافظ قرآن سے کہا جائے گا کہ قرآن پاک پڑھتا جا اور جنت کے درجات پر چڑھتا جا، جہاں آخری آیت ہوگی وہیں تیری منزل ہوگی۔ اس موقع پر مدرسہ ہٰذا کے ناظم تنظیم و ترقی مولانا مشفق مظاہری نے بتایا کہ ہمارے یہاں حفظ کلام پاک کے ساتھ ساتھ اس کو یاد رکھنے پر پوری توجہ دی جاتی ہے، ساتھ ہی قرآن پاک پر عمل پیرا ہونے کے لیے عملی مشق بھی کرائی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ حافظ قرآن کی دستاربندی کے بعد دعاؤں کا اہتمام ہوا اور پوری امت مسلمہ خاص کر مدرسہ ہٰذا کے معاونین کے لیے دعائیں کی گئیں۔

Comments are closed.