بی جے پی مخالف بے قصوروں کے گھروں پر چھاپہ ماری انتہائی مجرمانہ اور بزدلانہ اقدام

بی جے پی کے سنگھی ایجنڈوں کے تحت سرکاری ایجنسیز کے غلط استعمال پر آواز بلند کریں عوام
ایک امام کے خلاف غیر قانونی کارروائی پوری امت کے خلاف کارروائی ہے، امت نہیں بیٹھے گی خاموش: مفتی حنیف احرارؔ قاسمی
نئی دہلی: 8 /ستمبر(پریس ریلیز)آل انڈیا امامس کونسل کے قومی نائب صدر مفتی حنیف احرار قاسمی نے این آئی اے (نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی) کی جانب سے بہار متلانچل آل انڈیا امامس کونسل کے صدر مفتی اکرام الدین قاسمی کے گھر پر ان کی غیر موجودگی میں، جب کہ ان کے گھر میں صرف ان کی بیوی اور دو چھوٹے معصوم بچے ہیں، چھاپہ ماری پر شدید ردِّعمل کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ: ”بی جے پی اور سنگھ پریوار کے دیش مخالف ایجنڈوں کے خلاف حق و انصاف کی آواز بلند کرنے والوں پر بلاوجہ سرکاری ایجنسیز کو استعمال کرنا اور ان کے گھروں پر غیر قانونی طریقے سے چھاپہ ماری کرنا انتہائی بزدلانہ اور مجرمانہ اقدام ہے۔ اس طرح کی بلاوجہ کی غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا“۔
انھوں نے کہا کہ: ”اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد لوگوں میں شکوک و شبہات پیدا کرکے ایک رجسٹرڈ اور قانون کے دائرے میں رہ کر کام کرنے والی کونسل کو بدنام کرنا اور عام ممبران میں خوف پیدا کر کے امامس کونسل کے پورے ملک میں چل رہے دینی، ملی،سماجی اور رِفاہی کاموں کو متاثر کرنا ہے“۔
انھوں نے کہا کہ: ”بلاکسی وجہ کے ایک امام پر کارروائی کرنا پوری امت پر کارروائی کرنا ہے، اس غیر قانونی کارروائی پر امت خاموش نہیں بیٹھے گی، جمہوری طریقے سے اس کا قانونی جواب ضرور دے گی“۔
مفتی احرار قاسمی نے مزید کہا کہ: ”آج جب کہ پورے ملک میں ایجنسیز کے غلط استعمال کو لے کر مودی حکومت بدنام ہو چکی ہے اور غیر دستوری کارکردگی کی وجہ سے بہار میں حکومت سے محروم ہو چکی ہے تو اب عوام کی توجہ اس طرف سے پھیرنے کے لیے بے قصوروں پر غیر قانونی کارروائی کروا رہی ہے۔ یہ کارروائی سراسر بے بنیاد ہے، جس کی کوئی بھی معقول وجہ نہیں ہے“۔
مفتی احرار نے یہ بھی کہا کہ:”اس دھاندھلی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف عدالت کو فوراً ایکشن لے کر عوام میں ایجنسیز کے تعلق پیدا ہو رہی بے چینی کو ختم کرنا چاہیے۔ بہار حکومت کو بھی چاہیے کہ اس طرح کے اقدامات پر کڑی پابندی عائد کرنی چاہیے۔ اسی کے ساتھ آل انڈیا امامس کونسل کے قومی نائب صدر مفتی حنیف احرار قاسمی نے پوری امت اور سارے عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ: ”وہ بی جے پی حکومت کے سنگھی ایجنڈوں کے تحت سرکاری ایجنسیز کے غلط استعمال پر کھل کر آواز بلند کریں“۔

Comments are closed.