امت شاہ کاممبئی دورہ، سکیورٹی میں لاپرواہی، مشتبہ گرفتار

نئی دہلی۔۸؍ستمبر: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی سکیورٹی میں بڑی لاپرواہی سامنے آئی ہے۔ ممبئی کے دورے کے دوران ایک مشکوک شخص امت شاہ کے ارد گرد گھنٹوں گھومتا رہا اور خود کو ایم پی کا پی اے ہونے کا دعویٰ کرتا رہا۔ ممبئی پولیس نے فی الحال اس مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 5 ستمبر2022 کو ممبئی کے دورے پر تھے۔اس دوران امت شاہ نے وزیر اعلیٰ ایک ناتھ شندے اور نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کے بنگلے کا دورہ کیا تھا۔ اسی دوران دونوں جگہوں پر ایک مشکوک شخص بنگلے کے ارد گرد گھومتا رہا۔ یہی نہیں وہ بنگلے کے اندر بھی گھس گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ شخص خود کو آندھرا پردیش کے ایم پی کا پی اے ظاہر کرتے ہوئے امت شاہ کے بہت قریب آیا تھا۔اس کے بعد وزارت داخلہ کے افسران کو شک ہوا تو ممبئی پولیس کو اطلاع دی گئی۔اس پورے معاملے کے سامنے آنے کے بعد ممبئی پولیس نے ہیمنت پوار نامی شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ ہیمنت پوار دھولیہ کا رہنے والا بتایا جارہا ہے۔ ممبئی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہیمنت پوار کے پاس وزارت داخلہ کا کارڈ بھی تھا اور وہ امیت شاہ کے ارد گرد گھوم رہے تھے جو ایک ایم پی کا پی اے بتا رہے تھے۔ فی الحال ہیمنت پوار کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے 12 ستمبر2022 تک پولیس حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ اب ممبئی پولیس تفتیش کر رہی ہے کہ پکڑے گئے شخص کے پاس وزارت داخلہ کا کارڈ کہاں سے آیا؟یہی نہیں، ہیمنت پوار کا امت شاہ کے گرد گھیرا ڈالنے کا کیا مقصد تھا، اس کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔اس کے ساتھ ہی وزارت داخلہ کے افسران بھی ممبئی پولس سے رابطے میں ہیں اور پورے معاملے کی جانکاری لی جا رہی ہے۔
Comments are closed.