قتل اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں مفرور وراٹ جھا ساتھی سمیت گرفتار، لوٹ کی موٹر سائیکل،2 اسلحہ اور 2 زندہ کارتوس برآمد

جالے(محمدرفیع ساگر؍بی این ایس)جرائم پیشہ افراد کے خلاف نکیل کسنے کی ایس ایس پی اوکاش کمار کی نئی منصوبہ بندی کا نتیجہ سامنے آنے لگا ہے۔وہ خود رات میں تھانہ پہنچ کر لاء اینڈ آڈر کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس دوران پولیس نے کئی مجرمانہ معاملات میں مفرور مجرم وراٹ جھا عرف وراج عرف ابھینو جھا کو اس کے ایک ساتھی سدھو گیانو کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ اس کے ساتھ سمری تھانہ علاقہ سے لوٹی گئی اپاچی بائک اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔ اس کے پاس سے ایک دیسی ساختہ پستول اور ایک دیسی کٹہ اور دو زندہ کارتوس بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ایس ایس پی اوکاش کمار نے منگل کو اپنے دفتر کے کمرے میں پریس کانفرنس منعقد کرکے اس سلسلے میں تفصیلی جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کچھ دن قبل لہریا سرائے تھانہ علاقے میں ہوئے قتل میں بھی وراٹ کی تلاش میں تھی۔ لیکن وہ کہیں بھاگ گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ 9 ستمبر کو سمری تھانہ علاقہ کے تروینی گنج سے سمستی پور واپس آ رہے بینک ملازم نوین کمار کو رات تقریباً 9 بجے شوبھن-ایکمی بائی پاس روڈ پر موٹر سائیکل پر سوار تین مجرموں نے روکا اور پستول کا خوف دکھا کر موٹر سائیکل، پرس، موبائل اور بیگ وغیرہ لوٹ لئے تھے۔ اس سلسلے میں تھانہ سمری میں مقدمہ نمبر 22/172 درج کر کے تحقیق شروع کر دی گئی تھی۔
ایس ایس پی نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے صدر ایس ڈی پی او کرشننندن کمار کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی ۔وراٹ اور سدھو گیانو کو 12 ستمبر کو ساڑھے 4 بجے ایکمی۔ شوبھن بائی پاس پر تحقیقات کے دوران لکشمن یادو کے لائن ہوٹل کے قریب سے پکڑا گیا۔ ان کے قبضے سے لوٹی گئی موٹر سائکل، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ وراٹ جھا جو اصل میں بیرول تھانہ علاقہ کے ساہو پرڑی کا رہنے والا ہے۔اس کے خلاف مختلف تھانوں میں ڈیڑھ درجن سے زیادہ مقدمات درج ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اس کے ساتھی سدھو منو کی مجرمانہ تاریخ کا پتہ لگایا جا رہا ہے جو کہ لہریاسرائے تھانہ علاقہ کے تحت بلبھدر پور کا رہنے والا ہے۔

Comments are closed.