ہر پال کے قاتلوں کی گرفتاری نہ ہونا بی جے پی کی دلت مخالف ذہنیت کا ثبوت:جاوید صابری

دیوبند،13؍ ستمبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے رکن اور سینئر صحافی جاوید صابری نے کہا کہ بس ڈرائیور ہر پال سنگھ کے معاملہ میں پولیس کی جانب سے نامزد ملزمان کی گرفتاری نہ کیا جانا قابل مذمت ہے ۔انہوں نے اس معاملہ میں نامزد سبھی ملزمان کو فوراً گرفتار کرنے اور متاثرہ اہل خانہ کو معقول معاوضہ دئیے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے رکن اور سابق ضلع صدر جاوید صابری نے آج یہاں پریس کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشواس کا جھوٹا نعرہ دیکر اقتدار میں آئی بی جے پی حکومت کے دور اقتدار میں دلتوں اور اقلیتوں کا استحصال اس وقت عروج پر ہے ۔انہو ںنے کہا کہ بس ڈرائیور ہرپال سنگھ کے قتل کے معاملہ میں پولیس کے ذریعہ ابھی تک کسی بھی نامزد ملزم کی گرفتاری نہ کیا جانا بی جے پی حکومت کے کام کاج پر سوال یا نشان لگ رہا ہے جس سے بی جے پی کی دلت مخالف ذہنیت اجاگر ہوتی ہے ۔جاوید صابری نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے ہر پال کی بیوہ بیوی انصاف کے لئے برابر اعلیٰ افسران کے چکر کاٹ رہی ہے مگر کسی بھی سطح پر اس کی کوئی سنوائی نہ ہونا حکومت وانتظامیہ کی دلت مخالف ذہنیت کو اجاگر کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایس سی؍ ایس ٹی ایکٹ 1989کے مطابق متاثرہ اہل خانہ کو فوراً معاوضہ دلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر جلد ہی نامزد ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا تو کانگریس کارکنان سڑکوں پر اتر کر متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کے لئے تحریک چلانے پر مجبور ہوگی ۔جاوید صابری نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ ظلم وزیادتی کے خلاف آواز بلند کی ہے اور وہ اپنے اس کام سے کبھی پیچھے نہیں ہٹی ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت میں گذشتہ 8سال سے کانگریس پارٹی کے سابق قومی صدر راہل گاندھی اور قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سڑکوں پر اتر کر مظلوموں کو انصاف دلانے کے لئے لڑائی لڑ رہی ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتیں خاموش تماشبیں بنی ہوئی ہیں۔کانگریس پارٹی ایک ایسی سیاسی جماعت ہے جو سب کوساتھ لیکر چلنے میں یقین رکھتی ہے ۔

Comments are closed.