کرناٹک اسمبلی میں انسدادِ تبدیلی مذہب بل منظور

 

بنگلورو۔ ۱۷؍ستمبر: کرناٹک قانون ساز کونسل میں اپوزیشن کی شدید مخالفت کے درمیان متنازعہ انسداد تبدیلی مذہب بل جمعرات کو منظور کر لیا گیا۔ کانگریس اور ایچ ڈی کماراسوامی کی جنتا دل سیکولر نے ایوان میں اس بل کی مخالفت کی۔ اپوزیشن نے دلیل دی کہ اس طرح کا قانون آئین میں درج مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کرے گا۔ حکومت نے اپوزیشن کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون لوگوں کو جبری تبدیلی مذہب سے بچائے گا۔ مذہب کی آزادی کے حق کے تحفظ کا بل 2021، جسے انسداد تبدیلی بل کے نام سے جانا جاتا ہے، دسمبر 2021 میں کرناٹک قانون ساز اسمبلی نے منظور کیا تھا۔ لیکن پھر اسے قانون ساز کونسل کے سامنے نہیں لایا گیا، کیونکہ اس وقت حکمران بی جے پی کے پاس ایوان بالا میں اکثریت نہیں تھی۔ اس بل کو پیش کرتے ہوئے وزیر داخلہ آراگا گیانندرا نے کہا کہ یہ بل غیر قانونی تبدیلی کو روکتا ہے۔ نئے قانون کے تحت یہ بل غلط بیانی، زبردستی، غیر ضروری اثر و رسوخ، جبر، لالچ یا کسی بھی دھوکہ دہی کے ذریعہ غیر قانونی تبدیلیوں کو روکنے کے لیے لایا جا رہا ہے۔اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تین سے پانچ سال تک قید اور 25000 روپے جرمانہ ہو گا۔نابالغ کو تبدیل کرنے پر دس سال تک قید اور 50,000 روپے جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ اجتماعی تبدیلی کی صورت میں 1 لاکھ کا جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ دوبارہ مجرم کو دو لاکھ تک کے جرمانے اور کم از کم پانچ سال کی قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔اس بل کی مخالفت کرتے ہوئے قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر بی کے ہری پرساد نے کہا کہ یہ ایک غیر آئینی بل ہے اور آئین کے آرٹیکل 25، 26، 15 اور 29 کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ وہ کسی کمیونٹی کے خلاف نہیں ہے۔تاہم وزیر قانون نے حکومت کا دفاع کیا۔ وزیر قانون جے سی مدھوسوامی نے کہا کہ یہ بل جبری تبدیلی سے بچنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ اگر زبردستی تبدیلی مذہب کی گئی اور اگر ہمیں شکایت ملی تو کارروائی کی جائے گی۔

Comments are closed.