اے سی بی افسر پر امانت اللہ خان کے حامیوں کا مبینہ حملہ، چار گرفتار

 

نئی دہلی۔۱۸؍ستمبر:  عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے بدعنوانی کیس میں گرفتار کیا ہے۔ امانت اللہ خان کے کیس سے متعلق ایک ویڈیو منظر عام پر آیا تھا جس میں ایم ایل اے کے حامیوں کو ان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران اے سی بی افسر پر حملہ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ اس معاملہ میں اب اے سی بی کی چھاپہ مار پارٹی میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں چار ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس نے اتوار کو اس کی جانکاری دی۔ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔یہ ویڈیو 16 ستمبر کا بتایا جا رہا ہے جب جامعہ نگرکے بٹلہ ہاؤس ، کھجوری روڈ میں واقع امانت اللہ خان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران ایم ایل اے کے حامیوں نے اینٹی کرپشن بیورو کے ایک اہلکار سے بدتمیزی کی تھی۔ حملے میں ملوث دیگر افراد کی بھی شناخت کی جا رہی ہے۔انسداد بدعنوانی بیورو نے جمعہ کو عام آدمی پارٹی ممبر اسمبلی امانت اللہ خان کو دہلی وقف بورڈ کرپشن کیس کے سلسلے میں گرفتار کر لیا۔اینٹی کرپشن بیورو کو چھاپے کے دوران ایک جگہ سے اسلحہ ملا تھا۔ ایم ایل اے برآمد شدہ ہتھیار کا کوئی لائسنس نہیں دکھا سکے۔اے سی بی نے امانت اللہ خان اور ان کے کاروباری پارٹنرحامد علی سے متعلق چار مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ اس دوران 24 لاکھ روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔ایک سرکاری بیان کے مطابق امانت اللہ خان پر کرپشن کے الزامات ہیں۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے تمام اصولوں اور حکومتی رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 32 افراد کو غیر قانونی طور پر بھرتی کیا تھا۔

Comments are closed.