دربھنگہ کا شراب اسمگلرسرپنچ پٹنہ میں گرفتار

 

70 بوتلیں برآمد، پہلے بھی دو بار جاچکا ہے جیل

دربھنگہ۔ ۱۸؍ستمبر: (محمد رفیع ساگر/بی این ایس) دربھنگہ کے کشیشور استھان کے ہرنی پنچایت کے سرپنچ دیانند پرساد ساہ کو ہفتہ کو پٹنہ کے پوسٹل پارک سے غیر قانونی غیر ملکی شراب کی 70 بوتلوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ سرپنچ شراب کی ہیرا پھیری کر رہا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سرپنچ کو پکڑ لیا اور اس کی سرپنچ لکھی ہوئی گاڑی کی تلاشی لی تو اس میں ممنوعہ شراب پائی گئی۔ اس کے بعد سرپنچ کے گھر کی تلاشی لی گئی جہاں سے بھی شراب ضبط کی گئی۔بہار میں شراب بندی کے باوجود منتخب عوامی نمائندے کے ذریعہ ایسے کاروبار میں ملوث پائے جانے کے بعد یہاں ہرنی پنچایت کے لوگوں میں غصہ دیکھا جارہا ہے۔میونسپل باڈی کے انتخابی ماحول کے درمیان شراب کا غیر قانونی کاروبار اسمگلروں کے لیے بہت منافع بخش کاروبار مانا جارہا ہے ۔اسمگلر غیر قانونی شراب کے کاروبار کو فروغ دیکر الیکشن پر اپنا اثر چھوڑنا چاہتے ہیں۔پترکار نگر تھانہ کے انچارج منورنجن بھارتی کے مطابق تھانے کی مرکزی سڑک پر چھاپے کے دوران سرپنچ سکریٹری لکھی ہوئی کار کو چھوڑ کر سرپنچ فرار ہوگیا تھا جسے پولیس نے تعاقب پوسٹل پارک کے قریب پکڑ لیا۔اس کے پاس سے شراب کی بوتلوں کے ساتھ ساتھ نصف درجن ڈیوڈ کارڈ، شراب کے لین دین کے کاغذات اور 10 مختلف بینکوں کے اکاؤنٹ نمبر ملے ہیں۔جبکہ کنکڑ باغ کے ایس ایچ او شیو شنکر سنگھ کے مطابق سرپنچ دیانند پرساد کو اس سے پہلے بھی دو بار شراب کے معاملے میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔ فی الحال یہ شراب کے بڑے کاروبار میں ملوث تھا۔ دربھنگہ اور کشیشوراستھان پولیس اس کی تلاش کر رہی تھی۔کنکڑباغ تھانہ انچارج نے پترکار نگر تھانے کی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرکے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر یہاں سرپنچ اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کیا ۔ ان کی گاڑی پر دربھنگہ کے کشیشور استھان سرپنچ کا اسٹیکر لگا ہوا تھا۔ یہ گاڑی برآمد کر لی گئی ہے۔ادھر کشیشوراستھان کے ایس ایچ او امیت کمار نے بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سکرنا اور اسماء میں واقع اس کے گھر پر 2 بار چھاپے مارے گئے لیکن ہر بار پولیس کو ناکامی ہاتھ لگی۔بتایا گیا ہے کہ پردیپ کمار نامی شخص نے شراب معاملے میں گرفتاری کے بعد اپنے اقبالیہ بیان میں سرپنچ سے ہی شراب خریدنے کی بات کہی تھی ۔سرپنچ اس علاقے میں شراب کا ہول سیل اور ریٹیل کاروبار کرتا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سرپنچ پٹنہ میں واقع کئی پلاٹوں اور کئی چار پہیہ گاڑیوں کا مالک ہے اور اپنے گاؤں کشیشوراستھان کے سکرنا گاؤں میں تین مقامات پر تین منزلہ مکانات کا مالک ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی تلاشی کے دوران سرپنچ کے پاس سے ایک سرخ ڈائری برآمد ہوئی ہے، جس میں شراب کے غیر قانونی کاروبار کا لین دین درج ہے۔ فی الحال پولیس ان دونوں سے پوچھ گچھ میں مصروف ہے۔

Comments are closed.