شہری جمعیۃ کی زیر قیادت نکلنے والا ایشیاء کا سب سے بڑا جلوس امسال بھی تاریخ رقم کرنے کو تیار

جلوس کی تیاریاں جنگی پیمانے پر جاری، 25 /ستمبر کو شہری جمعیۃ بلائے گی جلوس میں شامل ہونے والی انجمنوں کی مشترکہ میٹنگ
کانپور(پریس ریلیز) 12 /ربیع الاول کو حضور رحمۃ اللعالمین، خاتم النبیین، حضرت محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے مبارک موقع پر جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیرِ قیادت نکلنے والا شہر کا سب سے قدیمی، تاریخی و مرکزی جلوسِ محمدی صلی اللہ علیہ وسلم امسال 8 /یا 9/ اکتوبر کو پوری شان وشوکت کے ساتھ نکالا جائے گا۔ جلوس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی اور شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خان کے ساتھ جمعیۃ علماء کے عہدیداران کی میٹنگ دفتر جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ میں منعقد ہوئی جس میں جلوس کو تاریخ ساز بنانے کیلئے مختلف پہلوؤں پر لائحہ عمل طے کیا گیا۔ جمعیۃ علماء اتر پردیش کے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے بتلایا کہ کورونا کی وجہ سے 2 /سال جلوس نہ نکل سکا، اللہ کے فضل سے امسال حالات سازگار ہیں، جمعیۃ علماء کی پوری ٹیم جلوس کی تیاریوں میں رات و دن لگی ہوئی ہے، ہماری کوشش ہے کہ حسبِ سابق امسال بھی جلوس کو تاریخ ساز بنایا جائے۔ مولانا نے بتلایا کہ جلوس کے راستوں کا پہلا سروے مکمل ہوچکا ہے، تمام سرکاری محکموں میں کاغذات پہنچائے جا چکے ہیں۔ جلوس کے راستوں کی صفائی، بجلی، پانی کے ساتھ ساتھ جہاں راستے خراب ہیں ان کو درست کرانے، پریڈ گراؤنڈ جہاں سے جلوس اٹھے گا اور پھول باغ جہاں جلوس مکمل ہوگا اس کی صفائی نیز نماز کے انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں۔ مولانا نے بتلایا کہ اس جلوس کو ایشیاء کا سب سے بڑا جلوس ہونے کا اعزاز حاصل ہے، گزشتہ 109 برسوں سے یہ جلوس نکل رہا ہے جبکہ آزادئی وطن کے بعد سے شہری جمعیۃ علماء اس کی قیادت کرتی چلی آرہی ہے اور اتنا بڑے جلوس کا نظم و نسق جمعیۃ علماء کے تحت انجام پاتا ہے۔ مولانا عبداللہ قاسمی نے کہا کہ یہ جلوس رحمت والے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب ہے، اس میں مسلمانوں کے ساتھ دیگر مذاہب کے لوگ بھی بلا تفریق حصہ لیتے ہیں، ہر طرح کی تیاریوں میں ساتھ دیتے ہیں، اس میں ہمارے ملک کی گنگا جمنی تہذیب کا بھی واضح نمونہ دیکھنے کو نظر آتا ہے جو اس جلوس کی رونق کو دوبالا کردیتا ہے۔
شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں نے بتایا کہ جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم تاریخی حیثیت کا حامل ہے، اس تعلق سے جلوس میں شامل ہونے والی تمام انجمنوں کی مشترکہ میٹنگ 25 ستمبر بروز اتوار کو بعد مغرب جمعیۃ بلڈنگ میں رکھی گئی ہے۔ اس میں 150سے زائد انجمنیں شریک ہوتی ہیں، انہیں دعوت نامے ارسال کیے جا چکے ہیں، فون سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ جلوس میں شامل ہونے والے نوجوان اور جمعیۃ علماء کی قیادت بھی میٹنگ میں موجود رہے گی۔
سکریٹری زبیر احمد فاروقی نے کہا کہ آزادی سے پہلے جب انگریزوں نے پابندی لگا دی تھی تو جمعیۃ علماء کے جیالوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر یہ جلوس نکالا تھا، آج بھی جمعیۃ علماء اسی عزم و حوصلے کے ساتھ جلوس کی تیاریاں کر رہی ہے اور جمعیۃ علماء کی قیادت میں اسی اہتمام کے ساتھ جلوس نکالا جائے گا ا نشاء اللہ۔

Comments are closed.