پی ایف آئی کے کارکنان کی گرفتاریاں مسلمانوں میں خوف وہراس پیدا کرنے کے لئے ہے: وحدت اسلامی

نئی دہلی (پریس ریلیز) امیر وحدت اسلامی ہند محمدضیاء الدین صدیقی نے اپنے ایک پریس نوٹ سے اطلاع دی ہے کہ حکومت نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (PFI ) کے کارکنان کو گرفتار کرنا شروع کردیا ہے۔ حکومت کی منشا مسلمانوں میں عمومی خون و ہراس پیدا کرنا ہے جو ایک اوچھی حرکت ہے۔ ہم اس عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
کئی دنوں سے اخبارات اور گودی میڈیا کے ذریعے ایسا ماحول بنایا جارہاتھا کہ مسلمانوں میں کچھ انتہا پسند ہیں جو ملک کے ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ اس ضمن میں ان لوگوں سے آنکھیں بند کرلی گئیں ہیں جنہوں نے فرقہ پرستی کی انتہا کردی۔ ان جماعتوں اور سنگھنٹوں کو کھلی چھوٹ دیدی گئی ہے جو انتہائی فرقہ پرستی کا اظہار کرتے ہیں نسل کشی اور ہجومی تشدد کو جائز سمجھتے ہیں اور اس کے خطا کاربھی ہیں؛ لیکن امن وانصاف اور اپنے حقوق کے لئے لڑنے والوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جا تا ہے۔ نوپورشرما اورنوین کمار جندل کے خلاف FIR ہونے کے باوجود انھیں گرفتار نہیں کیا جاتا، بلکہ خبروں کی سچائی بتلانے والے محمد زبیر کو ۲۱ دن جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔ اپنے گھروں میں نماز پڑھنے والوں کو گرفتار کیا جاتا ہے اور ہزاروں کانوڑیوں کے پاؤں دبانے اور مرہم لگانے کے لئے ریاست کے اساتذہ اور پولیس والوں کومقرر کیا جاتا ہے۔ یہ دوہرا معیار ملک کے قانون اور اس کے نظام کے ساتھ ایک مذاق ہے۔
امیر وحدت اسلامی نے انصاف پسند جماعتوں اور ان کی قیادتوں سے بالخصوص مسلم جماعتوں اور ان کی قیادتوں سے اپیل کی ہے کہ ملک میں جاری ریاستی جبر کا نوٹس لیں اور اس کے خلاف اکھٹا ہو کر اپنے حقوق کی لڑائی لڑیں۔ بصورت دیگر اس بات کا اندیشہ ہے کہ فرقہ پرست اپنے مقاصد میں کامیاب ہو جائیں گے۔
Comments are closed.