ملت اسلامیہ دوعظیم اور مخلص شخصیتوں سے محروم

 

آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولاناخالد سیف اللہ رحمانی کا تعزیتی بیان

حیدرآباد(پریس ریلیز)آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے جناب مولوی رحیم الدین انصاریؒ اورحضرت مولانا عبدالعلیم اصلاحیؒکے انتقال کوبڑاملی خسارہ قرار دیا، آپ نے کہا:جناب مولوی رحیم الدین انصاریؒ متعدد دینی وملی اداروں کے ذمہ دار تھے،جن میں یونائٹیڈ مسلم فورم تلنگانہ ،رکن تاسیسی کل ہندمسلم پرسنل لابورڈ ،ملی کونسل ،کل ہندمسلم مجلس مشاورت شامل ہیں،انہوں نے ان تمام اداروں میں نمایاں خدمت انجام دی ہے،وہ متحدہ آندھراپردیش کے آخری اور تلنگانہ اردو اکیڈمی کے پہلے صدر بھی رہے اور اردو زبان کی بیش بہا خدمت انجام دی،حضرت مولانا حمیدالدین عاقل حسامیؒ کے زیرسایہ دارالعلوم حیدرآباد کی بنیاد رکھی اور اس کو تعلیمی اور تعمیری اعتبار سے بام عروج پر پہنچایا، آپؒ کی یہ تعلیمی خدمت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور ان شاء اللہ آخرت کے لئے صدقہ جاریہ ثابت ہوگی۔

مولانا عبدالعلیم اصلاحی صاحبؒ طویل عرصہ سے علیل تھے،لیکن ملی خدمت کا جذبہ آخرتک قائم رہا،آپؒ تجربہ کار مدرس اورحاضر العلم عالم تھے،آپ میں بڑی ملی اور دینی غیرت تھی، کسی بھی خلاف شرع بات پر فوراًنکیر کرتے تھے،اوراپنی بے باک مگر سوچی سمجھی رائے کے اظہار میں تامل نہیں کرتے تھے،جوان بیٹے کی شہادت کاغم اٹھایا ؛لیکن حق گوئی کے معاملے میں کبھی مداہنت سے کام نہیں لیا،، لڑکیوں کی تعلیم کا معتبر ادارہ جامعہ البنات اصلاحیہ آپ کیلئے ان شاء اللہ صدقہ جاریہ ہوگا،دعاہے کہ اللہ ان دونوں کی قبروں کو نور سے بھردے، پسماندگان کو صبر جمیل اورملت کو ان کا نعم البدل عطاکرے۔

Comments are closed.