دیہی علاقوں کے بچوں میں بھرپور صلاحیت، انہیں نکھارنے کی ضرورت: فریدی سر

امپلس کلاسیز جالے کی سالانہ تقریب میں انٹر سائنس کے کامیاب طلبا و طالبات اعزاز سے نوازے گئے
دربھنگہ۔ ۲؍اکتوبر: (محمد رفیع ساگر) بابائے قوم مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر جالے میں قائم امپلس کلاسیز کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں انٹر سائنس کے کامیاب طلبا و طالبات کو اعزاز سے نوازا گیا۔اس موقع پر سائنس کوچنگ امپلس کلاسیز کے ڈائریکٹر محمد آفریدی سر نے نمایاں نمبرات سے انٹر سائنس میں کامیاب ہونے والے اپنے کوچنگ کے طلبا و طالبات کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش رہتی ہے کہ بچوں میں تعلیمی نکھار آئے۔انہیں احساس کمتری سے باہر نکال کر کامیابی پانے کی سمت میں مستحکم کیا جائے ۔انہوں نے کوچنگ کے متعلق بتایا کہ ایک سال کے اندر میں انہوں نے جس طرح کا تعلیمی ماحول بنایا ہے وہ جالے کے لئے ایک تاریخ ہے۔اس سے قبل بچوں کو انٹر سائنس کے مضامین ،نیٹ اور جے ای ای کی تیاری کے لئے شہروں کا رخ کرناپڑتا تھا جو دیہی علاقوں کے اسٹوڈنٹ کے لئے کافی مہنگا تھا۔مسٹر آفریدی سر نے کہا کہ ادارے کی شناخت اس کے نتائج سے ہوتے ہیں۔یہاں کی طالبہ ببلی کماری 399 نمبر لاکر جالے ٹاپر رہی ہیں جبکہ خوشی کماری 387 نمبرات لاکر دوسرے، نعیمہ تبسم 380 نمبر لاکر تیسرے اور مرزا ریاض 377 نمبرات حاصل کر چوتھے اسی طرح دانیال عرف بادل نے 376 نمبرات حاصل کرکے پانچواں مقام بنایا۔ان کامیاب طلبا و طالبات نے کوچنگ کے ڈائریکٹر محمد آفریدی سر اور محمدرمیز سر کی کوششوں کو سلام کرتے ہوئے انہیں جالے کے لئے ایک انقلابی شخصیت قرار دیا۔ڈائریکٹر محمد آفریدی سرنے کہا کہ یہ بات ضرور ہیکہ دیہی سطح پر وسائل کی کمی ہے لیکن یہاں صلاحیت کی کمی نہیں ہے یہی وجہ ہیکہ گاوں کے اندر ہی اچھے و صلاحیت مند استاد کی سرپرستی میں بچوں کو رکھ کر تعلیم دلائی جاتی ہے جو شہری علاقہ کے تعلیمی نظام سے مزید بہتر ہوتا ہے کیونکہ آج کے وقت گھر سے دور جاکر تعلیم حاصل کرنے میں کئی طرح کی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے سب سے زیادہ ان کا اقتصادی استحصال کیا جاتاہے لیکن گاوں کے اندر ہی ان بچوں کو کم فیس میں بہتر تعلیم دلائی جاتی ہے نتیجتا اسی میں سے کچھ بچے نکل کر ہر سال الگ الگ شعبوں میں اپنا نام روشن کرتے ہیں۔ جبکہ محمد رمیز سر نے اپنے بچوں کے نام پیغام میں کہا کہ آج کی کامیابی مکمل کامیابی تو نہیں ہے لیکن یہ طلبا کی زندگی کی کامیابی کا ایک جز ضرور ہے اگر طلبا اسی طرح محنت کرتے رہیں تو وہ دن دور نہیں مکمل کامیابی ان بچوں کے پاس خود چل کر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ انٹرسائنس میں کامیاب ہوئے طلبا و طالبات مبارکباد کے مستحق ہیں اور ہم ان کی بہتر مستقبل کیلئے نیک خواہشات پیش کرتے ہیں ۔
Comments are closed.