احمدسعیدملیح آبادی کا انتقال اردو صحافت کا ناقابل تلافی نقصان:م۔افضل

آل انڈیا اردو ایڈیٹرس کانفرنس کی تعزیتی میٹنگ میں اپنے نائب صدر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
نئی دہلی۔۳؍اکتوبر: آل انڈیا اردو ایڈیٹرس کانفرنس کی ایک تعزیتی میٹنگ میں آج یہاں مقررین نے کانفرنس کے نائب صدر احمدسعیدملیح آبادی کے انتقال پرگہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔ان کا گزشتہ روزلکھنؤ میں طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا تھا۔ احمدسعیدملیح آبادی آل انڈیا اردو ایڈیٹرس کانفرنس کے بنیادی رکن تھے اور انھوں نے1974میں کانفرنس کے کلکتہ اجلاس کی میزبانی کے فرائض انجام دئیے تھے۔ اردو ایڈیٹرس کانفرنس کے صدر م۔افضل (سابق ایم پی اور سفیر)نے صدارتی کلمات میں کہا کہ سعید صاحب اردو کے عظیم صحافی تھے۔انھوں نے اپنی پوری زندگی اردو صحافت کی خدمت میں گزاری۔ان کا انتقال اردو صحافت کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔کانفرنس کے سیکریٹری معصوم مرادآبادی نے کہا کہ ملیح آبادی صاحب کوان کے بے باک اداریوں اور دوراندیشی کی وجہ سے پورے ملک میں عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔1996میں آل انڈیا اردو ایڈیٹرس کانفرنس کی سلورجوبلی تقریبات میں وہ پورے جوش وخروش کے ساتھ شریک ہوئے تھے اور ہم سب کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیا تھا۔ ممبئی سے کانفرنس کے آرگنائزنگ سکریٹری سرفرازآرزو (ایڈیٹر روزنامہ ’ہندوستان ‘) نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ احمدسعید ملیح آبادی جیسے صحافی اب پیدا نہیں ہوتے۔ انھوں نے صحافت میں اعلیٰ معیار قایم کئے۔ان کی صحافتی اور قومی خدمات کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔میٹنگ میں کانفرنس کے خزانچی مودودصدیقی ،ڈاکٹرخاورہاشمی، انیس امروہوی، روؤف رامش ،انیس الرحمن اور محمدنعمان وغیرہ نے بھی اظہارخیال کیا اور مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔
Comments are closed.