بجلی محکمہ کے ذریعہ کسانوں اورعوام کا استحصال کیا جارہاہے

گاؤں تگھری میں منعقد کسانوں کی میٹنگ سے بھگت سنگھ ورما کا خطاب
دیوبند،4؍ اکتوبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
دیوبند کے قریبی گائوں تگھری میں بھارتیہ کسان یونین ورما گروپ کی جانب سے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر یونین کے قومی صدر بھگت سنگھ ورما نے کہا کہ ہمارے ملک میں کسانوں کا استحصال کیا جارہا ہے جسے کسی قیمت پر برادشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی کی یوگی حکومت نے محکمہ بجلی کو لوٹنے کی کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے ، جسے ریاست کا کسان برداشت نہیں کرے گا۔ محکمہ بجلی کے افسران اور ملازمین کسان اور عام آدمی پر بجلی کا کنکشن ہونے کے باوجود فرضی طریقہ سے رشوت لینے کی نیت سے جھوٹی رپورٹ تھانہ میں درج کرارہے ہیں اور ان پر فرضی طریقہ سے 50ہزار روپے تک کا جرمانہ لگایا جارہاہے جسے بھارتیہ کسان یونین ورما گروپ کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کرے گی۔ انہو ںنے کہا کہ محکمہ بجلی کے میٹر زیادہ یونٹ دکھاکر عوام سے زیادہ بل وصول رہے ہیں ۔ بی جے پی کی یوگی حکومت نے اپنے انتخابی منشور میں کہا تھا کہ ہم کسانو کی آمدنی دوگنی کریں گے اور زراعت کے لئے مفت بجلی دیں گے۔ اس کے باوجود بھی کسانوں کے ٹویل پر میٹر نصب کرکے زیادہ رقم وصولی جارہی ہے ۔ بھگت سنگھ ورما نے محکمہ بجلی کے افسران کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسانوں اورعوام کا استحصال جلد ہی بند نہیںکیا گیا تو بھارتیہ کسان یونین ورما گروپ محکمہ بجلی کے دفتروں میں تالے ڈال دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ریاست کے گنا کسانوں کو گنے کی قیمت 600روپے فی کونٹل چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی محکمہ کی جانب سے کئے جارہے استحصال اور 600روپے فی کونٹل گنے کی قیمت اور سود دلانے کے لئے 29اکتوبر کو ایس ڈی ایم دفتر دیوبند سے سرکار سے آر پار کی لڑائی شروع کی جائے گی جس میں ہزاروں کسان حصہ لیں گے۔ میٹنگ کی نظامت کرتے ہوئے یونین کے قومی جنرل سکریٹری رویندر چودھری نے کہا کہ ملک میں کسانوں ، مزدوروں، غریبوں اور نوجوانوں کو اقتصادی آزادی دلانے کے لئے کسان مزدور اور نوجوان طاقت متحد ہوکر لڑائی لڑیں۔ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے یونین کے ریاستی سکریٹری چودھری رشی پال نے کہا کہ اپنے حقوق کے لئے کسان مزدور، غریب دوکاندار، نوجوان ہزاروں کی تعدادمیں 29اکتوبر کو ایس ڈی ایم دفتر دیوبند پہنچیں ۔ اس موقع پر محمد راشد، محمد نفیس، شہزاد، ذیشان، محمد ناصر، محمد گل نواز، دلشاد، محمد واصل، شاہ ویز، آس محمد، محمد مرتضیٰ، مانگے رام یادو وغیرہ موجود رہے۔

Comments are closed.