پی ایف آئی کے چاراراکین شاہین باغ سے گرفتار

نئی دہلی۔۴؍اکتوبر: ممنوعہ تنظیم پاپولرفرنٹ آف انڈیا(PFI) کے چارارکان کو دہلی پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے شاہین باغ علاقے سے گرفتار کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ان چاروں ارکان کو پولیس نے اتوار کی رات گرفتار کیا تھا۔ حال ہی میں دہلی پولیس نے ممنوعہ پی ایف آئی کے ارکان کیخلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ کی دفعات کے تحت ایک نیا مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان پابندی کے باوجود سرگرم ہیں۔ وہ پی ایف آئی کے نظریے کو پھیلا رہے تھے اور نئے ممبرز بنا رہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ وہ جامعہ، اوکھلا اور شاہین باغ میں سرگرم تھے۔ ہم نے ایک ٹیم تشکیل دی اور اتوار کی رات چھاپہ مارا۔ چھاپے میں، ہم نے چار لوگوں کو گرفتار کیا، جو پی ایف آئی کے ممبر تھے۔ عہدیدار نے کہا کہ حال ہی میں جب مرکزی ایجنسیاں شاہین باغ سمیت ملک بھر میں چھاپے مار رہی تھیں، تو انہیں احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔پولیس نے کہا کہ شاہین باغ میں این آئی اے کے چھاپے کے دوران ان چاروں ملزمان نے سازش رچی اور سرکاری افسران کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالی۔ انہوں نے شاہین باغ اور جامعہ میں پی ایف آئی کا مضبوط نیٹ ورک بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اہلکار نے بتایا کہ چار گرفتار ملزمان سے پوچھ گچھ کی بنیاد پرعلاقے سے کچھ اور گرفتاریوں کا امکان ہے۔
Comments are closed.