عوامی مسائل نے ایک نوعمر لڑکے کو پارشد بنا دیا: آفتاب اظہرؔ صدیقی

ٹھاکرگنج، کشن گنج 5؍ اکتوبر(پریس ریلیز) ضلع پارشد فیضان احمد نے راشٹریہ علماء کونسل کے صوبائی انچارج مولانا آفتاب اظہرؔ صدیقی کے ساتھ چھترگاچھ میں ملاقات کی اس موقع پر سراج احمد اور صحافی کوثر رضا پروانہ بھی موجود رہے، فیضان احمد نے مولانا آفتاب اظہرؔ سے علاقے کے مسائل پر تبادلۂ خیال کیا، ضلع پارشد فیضان احمد نے بتایا کہ ہمارے علاقے میں تعلیم اور صحت کے میدان میں کوئی کام دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے، انہوں نے بتایا کہ کھرکھری گھاٹ میں پل کے مطالبے کو لے کر دو دو مرتبہ عوامی احتجاج نے سڑک جام کرکے سرکار اور پرشاسن تک بات پہنچائی؛ لیکن اس معاملے میں بھی سستی برتی جارہی ہے اور سرکار کی طرف سے پل بنوانے کے لیے مثبت اقدامات نظر نہیں آرہے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ ہمیں پھر سے صدائے احتجاج بلند کرنی ہوگی۔ مولانا آفتاب اظہرؔ صدیقی نے فیضان احمد ضلع پارشد کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فیضان احمد ایک عوامی درد رکھنے والے انسان ہیں، انہوں نے اپنی شروعات صحافت کے میدان سے کی تھی؛ لیکن حالات اور عوامی مسائل نے انہیں الیکشن لڑنے پر مجبور کیا اور وہ پہلی مرتبہ میں ہی ضلع پریشد کا الیکشن جیت گئے۔ مولانا آفتاب اظہرؔ نے کہا کہ فیضان احمد ایک خوش مزاج، قوم و ملت کی فکر کرنے والے ملنسار شخصیت کے حامل ہیں، وہ کم عمری میں جتنا سوچتے اور کرتے ہیں وہ اپنے آپ میں ایک مثال ہے، آج کے نوجوانوں کو ان سے سبق لینے کی ضرورت ہے۔ مولانا آفتاب اظہرؔ صدیقی نے بتایا کہ پوٹھیا بلاک کی حالت دیگر بلاکوں سے زیادہ خراب ہے، یہاں سرکاری ٹیچر ہوں، ڈاکٹر ہوں یا بلاک میں بیٹھے ہوئے افسران یا پولیس انتظامیہ ہر جگہ دھاندلی اور من مانی دیکھنے کو ملتی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم بہت جلد ہر بلاک میں ایک لیگل ایکشن کمیٹی تشکیل دینے جارہے ہیں، جس کا کام ہر محکمے میں عوامی مسائل پر نظر رکھنا اور عوام کی صحیح رہنمائی کرنا ہوگا۔

Comments are closed.