سنت نبویؐ کے مطابق زندگی گزاریں یہی سچا عشق رسول ؐ ہے

ماہِ ربیع الاول کے حوالہ سے مفتی وقاص ہاشمی کابیان
دیوبند،5؍ اکتوبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
ادارہ خدمت خلق کے صدر مفتی وقاص ہاشمی نے ماہِ ربیع الاول کے حوالہ سے اپنے بیان میں کہاکہ عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دعویداری پر مشتمل محفلیں جگہ جگہ منعقد ہورہی ہیں ، لبوں پر نعت گوئی کا سلسلہ بھی جاری ہے ، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں اشعار کہنے والے شاعروں کی بھی کوئی کمی نہیں ہے لیکن پھر جیسا عشق رسول ؐ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے ثابت ہے ویسا کہیں نظر نہیں آتا۔ ہمارے قول اور عمل میںکوئی مناسبت نہیں ہے ، ہم بظاہر عشق رسولؐ کے دعوے کرتے ہیں لیکن ہمارے اعمال تعلیمات رسولؐ کے بالکل مخالف ہیں۔انہوںنے کہا کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی انسانیت کی خدمت میں گزری ، جب حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت ہوئی تو اس وقت عرب کی سماجی حالت بہت خراب تھی ، خواتین کی کوئی عزت ووقعت نہیں تھی ، لوگ اپنی بیٹیوں کو زندہ دفن کردیتے تھے ، قبائل کے لوگ آپس میں لڑتے تھے ،لوگ شراب اور جوئے کے عادی ہوچکے تھے ، آپسی بھائی چارہ اورپیار ومحبت ختم ہوچکا تھا۔ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے ان برائیوں کے خاتمہ کا بیڑہ اٹھایا ، خواتین پر ہونے والے مظالم کو روکا اور خواتین کو معاشرہ میں عزت کی زندگی دلائی۔ مفتی وقاص ہاشمی نے کہا کہ اللہ تبارک وتعالیٰ نے اسلام کو تمام مذاہب سے افضل قرار دیا ہے ، اس لئے سب کو شریعت پر عمل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دین اور دنیا کی فکر کرنے اور اعمال صالحہ کرنے کی ضرورت ہے ،اللہ تبارک وتعالیٰ نے مخلوق کی خدمت کو اہم ترین عمل بتایا ،مخلوق سے محبت کرنے والوں کو اللہ کے قریب بتایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات وتعلیم کو نہیں سمجھیں گے کامیابی ممکن نہیںہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایت پر عمل کرنے میں ہی دنیا وآخرت کی بھلائی ہے ، ہمیں ہر وقت اپنے نبی کی تعلیمات کو یاد رکھنا چاہئے ۔
Comments are closed.