اسلام تمام انسانوں کوعزت واحترام اورمساوات کا حق دیتا ہے:مولاناانیس الرحمن قاسمی

پھلواری شریف11/اکتوبر(پریس ریلیز)
پنجاب کے شہر پٹیالہ میں مساوات اوربھائی چارہ کو فروغ دینے کے لیے بین المذاہب افہام وتفہیم کے عنوان سے دوروزہ سیمینا ر 10،11/اکتوبر 2022ء کو معروف ادارہ انسٹیٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیزاورپنجابی یونیورسیٹی کے اشتراک سے منعقد ہوا،جس میں معروف عالم دین مولاناانیس الرحمن قاسمی قومی نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل نے اپنے آن لائن خطاب میں تمام انسانوں کے انسانی تخلیق کے اعتبار سے عزت واحترام، جان ومال، انصاف اورعزت وآبرو وحصول علم کے حق میں یکسانیت کے اسلامی نقطہ نظر کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے تمام انسانوں کو تخلیقی اعتبار سے یکساں حق دیاہے۔ اوریہ واضح کیا کہ دنیا کے تمام انسان ایک ماں باپ کی اولاد ہیں،اس لیے باہمی عزت واحترام کایکساں حق رکھتے ہیں، اللہ نے تمام انسانوں کو اشرف اورقابل تکریم بنایاہے،اس لیے رنگ ونسل،زبان ومذہب کی بناپر ان کو اس حق سے محروم نہیں کیاجائے گا۔ تمام انسان اپنی جان کی حفاظت،کھانے پینے،شادی کرنے، اپنے مذہب پر چلنے اورمال کی حفاظت،تجارت،زراعت،کام کرنے،اظہاررائے برائے حق، پڑھنے اورانصاف حاصل کرنے اورعزت واحترام میں یکساں حق رکھتے ہیں۔یہی مساوات ہمدردی،امن وسلامتی اوربھائی چارہ اسلام مذہب کا امتیاز ہے۔ اسلام میں یہ امورعہد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے رائج ہیں اوریہی اسلام کے بین المذاہب معاشرہ کی حقیقت ہے۔انہوں نے اس سیمینار کووقت کی ضرورت قراردیتے ہوئے مزید بتایا کہ آج اسلام کے محبت کے پیغام کواور ان کے بنیادی اصولوں کو وضاحت کے ساتھ باربار پیش کرنے کی ضرورت ہے۔
Comments are closed.