مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

سرسید مضمون نویسی مقابلہ کے نتائج کا اعلان
علی گڑھ، 11 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی جانب سے منعقدہ کل ہند سرسید مضمون نویسی مقابلے میں سینٹر فار ڈیولپمنٹ اسٹڈیز، تھرووانتھاپورم، کیرالہ کے پی ایچ ڈی کے طالب علم صبیر وی سی نے انگریزی زبان میں پہلا انعام جیتا، جب کہ اے ایم یو کی پی ایچ ڈی اسکالر ادیبہ صدیقی نے اردو میں اور اے ایم یو کے بی اے ایل ایل بی کے طالب علم محمد سلیم نے ہندی میں اوّل انعام جیتا ہے۔
انگریزی، اردو اور ہندی زبانوں میں مضمون نویسی مقابلے کا انعقاداے ایم یو کے دفتر رابطہ عامہ نے جدید ہندوستان کے معماروں میں سے ایک اور یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خاں کے 205ویں یوم پیدائش کے موقع پر کیا تھا۔
انگریزی، اردو اور ہندی میں دوئم انعام بالترتیب، محمد سہیل مونڈل (بی اے، نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسلامک اینڈ کنٹمپریری اسٹڈیز، دارالہدیٰ اسلامک یونیورسٹی، کیرالہ)، محمد تنویر عالم (ایم اے، عالیہ یونیورسٹی، کولکاتہ) اور حفصہ مرزا (بی یو ایم ایس ، ایچ ایس زیڈ ایچ یونانی میڈیکل کالج و اسپتال، بھوپال، مدھیہ پردیش) نے حاصل کیا ہے۔
انگریزی، اردو اور ہندی میں سوئم انعام بالترتیب، مبشر وی پی (پی ایچ ڈی، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی)، محمد اقبال (بی اے، عالیہ یونیورسٹی، کولکاتہ) اور رمن شرما (ایم ٹیک، اندرا گاندھی دہلی ٹیکنیکل یونیورسٹی، دہلی) نے جیتا۔
اس سال علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے انگریزی، اردو اور ہندی میں ’’سرسید اور ثقافتی تکثیریت‘‘ کے موضوع پر مضمون نویسی مقابلہ کا انعقاد کیا تھا اور ہر زبان میں اوّل، دوم ا اورسوم انعام جیتنے والوں کو علی گڑھ میں 17 اکتوبر کو یوم سرسید یادگاری تقریب میں مہمان خصوصی کے بدست بطور انعام بالترتیب 25000 روپے، 15000 روپے اور 10000 روپے دئے جائیں گے۔
٭٭٭٭٭٭
یونیورسٹی پولی ٹیکنک میں بھرتی مہم
علی گڑھ، 11 اکتوبر: یونیورسٹی پولی ٹیکنک، بوائز، اے ایم یو کے ٹریننگ و پلیسمنٹ آفس کے زیر اہتمام ایک بھرتی مہم میں پوانا سن ورلڈ آٹو ٹیک، علی گڑھ نے مکینیکل اور الیکٹریکل انجینئرنگ ڈپلوما کے ایک ایک طالب علم کو ملازمت کے لئے منتخب کیا ہے۔ منتخب طلباء کے نام عباد الرحمان (مکینیکل انجینئرنگ) اور محمد فرقان (الیکٹریکل انجینئرنگ) ہیں۔
پروفیسر ارشد عمر، پرنسپل، یونیورسٹی پولی ٹیکنک نے دونوں طلباء کو مبارکباد پیش کی اور بھرتی مہم میں بھرپور تعاون کے لئے یونیورسٹی کے ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر مسٹر سعد حمید اور ڈاکٹر محمد فیصل خاں (ٹی پی او، یونیورسٹی پولی ٹیکنک) کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ٹریننگ وپلیسمنٹ دفتر کو سبھی متعلقین کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا۔
٭٭٭٭٭٭
وائس چانسلر نے بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا، یوم سرسید کی تقریب گلستان سید میں ہوگی
علی گڑھ، 11 اکتوبر: مسلسل تیز بارش اور پانی جمع ہونے کی وجہ سے 17 اکتوبر کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی یوم سرسیدیادگاری تقریب اب گلستان سید میں ہوگی ۔ پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں گئی ہے ۔ یادگاری تقریب صبح 11 بجے منعقد ہوگی۔
اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) کے نیو ٹراما سینٹر میں موسلادھار بارش ، دھورّا نالے سے متصل دیوار کے انہدام اور پانی بھرنے سے ہونے والے نقصانات کا بھی معائنہ کیا۔
انہوں نے پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن اور پرنسپل، جے این ایم سی)، پروفیسر حارث ایم خان (میڈیکل سپرنٹنڈنٹ)، راجیو شرما (یونیورسٹی انجینئر) اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ جے این ایم سی اسپتال، ٹراما سینٹر اور مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔
پروفیسر منصور نے جے این ایم سی کے پرنسپل اور یونیورسٹی انجینئر کو ہدایت دی کہ وہ ٹراما سینٹر کی تباہ شدہ دیوار کی تعمیر اور جے این ایم سی احاطے سے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے فوری کارروائی کریں۔
٭٭٭٭٭٭
شعبہ ہندی میںپروفیسر اصغر وجاہت کا خطاب
علی گڑھ، 11 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سابق طالب علم اور نامور مصنف پروفیسر اصغر وجاہت نے اے ایم یو کے شعبہ ہندی کے ’میٹ یور رائٹر‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے کس طرح ہندی ادبی دنیا میں مقام حاصل کیا۔
طلباء اور اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر وجاہت، جو کہ مختلف اصناف میں 40 سے زائد کتابوں کے مصنف ہیں، نے کہا: ’’ افسانہ اور ڈرامہ دونوں تحریر کرتے ہوئے میں ہمیشہ یہ جانتا تھا کہ مواد ہی تحریر کی شکل کا فیصلہ کرے گا اور ادباء کو متاثر کرے گا‘‘۔
پروفیسر وجاہت نے ترغیب و تحریک کے ذرائع، تحریری اسلوب و انداز اور زندگی کے تجربات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’میں سمجھتا ہوں کہ میں کچھ خیالات و افکار کو استعمال کرنے کے قابل تھا جو نثر اور ڈرامے میں بہترین طریقے سے بیان کیے جاسکتے ہیں‘‘ ۔
ادب پر ٹکنالوجی کے اثرات کے بارے میں بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا: ’’انٹرنیٹ نے ادب میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ لوگ آڈیو اور ویڈیو ذرائع میں دلچسپی لیتے ہیں۔ ای کتابیں، فلمیں، سنیما، پوڈکاسٹ، سوشل میڈیا اور یوٹیوب نے ادب کی جہات کو یکسر بدل دیا ہے‘‘۔
پروفیسر وجاہت نے اس پر بھی بات کی کہ کس طرح انہوں نے اپنے ایوارڈ یافتہ ڈرامے ‘مہابلی’ میں طاقت و اقتدار کی سیاست کی مختلف دنیاؤں اور فن کو پیش کیا ۔اس ڈرامے کے لئے انھیں 31 ویں ویاس سمّان سے نوازا گیا۔ انھوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی میں اپنی زندگی کے بارے میں بھی گفتگو کی جہاں انھوں نے 42 سال سے زیادہ وقفہ تک پڑھایا۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر محمد عاشق علی (چیئرمین، شعبہ ہندی) نے کہا کہ پروفیسر وجاہت کے ڈرامے سڈنی، نیویارک اور دبئی سمیت دیگر بڑے شہروں میں اسٹیج کیے جا چکے ہیں۔
خطبہ استقبالیہ میں پروفیسر پردیپ سکسینہ نے کہا کہ پروفیسر وجاہت نے اے ایم یو میںاے ایم (ہندی) کرتے وقت اپنی طالب علمی کے زمانے میں ہی افسانہ اور ڈرامہ لکھنا شروع کیا تھا ۔ انھوں نے ایم اے (ہندی) 1968 میں اور پی ایچ ڈی 1974 میں مکمل کی۔
پروگرام کی نظامت پروفیسر شمبھوناتھ نے کی۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے طالب علم کو امریکی ادارے کی رکنیت حاصل ہوئی
علی گڑھ 11 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ایم اے (انگریزی، فرسٹ سمسٹر) کے طالب علم فیض الرحمن شیروانی کو کمیونیکیشن کمیٹی برائے ینگ پروفیشنلز ایفینیٹی گروپ، اقوام متحدہ ایسوسی ایشن برائے امریکہ (یواین اے- یوایس اے) کا ممبر منتخب کیا گیا ہے۔ان کی رکنیت دسمبر 2022 تک رہے گی۔
٭٭٭٭٭٭
گاندھی جینتی کے موقع پر متعدد پروگرام منعقد
علی گڑھ 11 اکتوبر: گاندھی جینتی کی تقریبات کے تحت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے عبداللہ اسکول نے یکم تا 10 اکتوبر متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کیا۔
اسکول سپرنٹنڈنٹ عظمیٰ ظہیر نے مہاتما گاندھی کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر خطاب کیا اور طلباء سے گاندھی جی کے ستیہ گرہ اور عدم تشدد کے راستے کو اپنانے کی تلقین کی ۔
ثقافتی سرگرمیوں کی کوآرڈینیٹر لبنیٰ امتیاز نے بتایا کہ اساتذہ اور طلباء نے مہاتما گاندھی کے بارے میں اپنے خیالات پیش کئے جبکہ دوم و سوم جماعت کے بچوں نے کولاج بنانے کے پروگرام میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ چوتھی اور پانچویں جماعت کے بچوں نے مضمون نویسی مقابلے میں اپنی تحریری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو گریجویٹ، عالمی گریپلنگ ریسلنگ چیمپئن شپ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے
علی گڑھ، 11 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ہسٹری گریجویٹ پارس محمد، 17 تا 23 اکتوبر، اسپین کے شہر پونتیویدرا میں منعقد ہونے والی ورلڈ گریپلنگ ریسلنگ چیمپئن شپ 2022 میں ہندوستانی دستے کا حصہ ہوں گے۔
اپنی کامیابی کو اپنی مادر علمی سے منسوب کرتے ہوئے پارس نے کہا کہ اے ایم یو میں انھیں جو تربیت حاصل ہوئی اور تحریک ملی اس نے انہیں چیمپئن شپ میں ملک کے لیے تمغہ حاصل کرنے کے حوالے سے ان کے حوصلے بلند کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بین الاقوامی مقابلے میں ملک کی نمائندگی کرنے کا ان کا خواب پورا ہورہا ہے جو ایک بڑا اعزاز ہے ۔
پارس نے نیشنل گریپلنگ چیمپئن شپ، ہریانہ ؛ ریاستی گریپلنگ چیمپئن شپ، اتر پردیش اور انٹر -یونیورسٹی چیمپئن شپ میں اعلیٰ ترین انعاما ت حاصل کئے ہیں۔
شعبہ تاریخ کی چیئرپرسن پروفیسر گلفشاں خان نے کہا، ’’اے ایم یو برادری کو پارس سے اسپین میںاپنی کامیابیوں کو جاری رکھنے کی امیدیں ہیں‘‘۔

Comments are closed.