حجاب پہنناپسندکی بات ہے،کرناٹک میں حجاب پابندی پرسپریم کورٹ کے ججوں کے درمیان اختلاف؟

نئی دہلی(ایجنسی) کرناٹک میں حجاب پر پابندی پر سپریم کورٹ کی دو ججوں کی بنچ کے الگ الگ فیصلے کے بعد، سپریم کورٹ نے اسے چیف جسٹس کے پاس بھیج دیاہے،تاکہ اس معاملے کو بڑی بینچ کے حوالے کیاجاسکے اور کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل سنی جا سکے ۔ قبل ازیں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس سدھانشو دھولیا نے مسلم طالبات کی حمایت کی ۔
فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس دھولیا نے کہا کہ یہ ان کی پسند کا معاملہ ہے۔ اصل بات بچیوں کی تعلیم کی ہے، لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بھی بہت سی مشکلات ہیں.. لیکن کیا ہم ایسی پابندیاں لگا کر ان کی زندگی کو بہتر بنا رہے ہیں؟
کیس کی سماعت کرنے والے دوسرے جج جسٹس ہیمنت گپتا نے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی ہٹانے سے انکار کرنے والے کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کو خارج کر دیا۔ ہائی کورٹ کے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے جسٹس گپتا نے کہا، ’’اختلافات ہیں‘‘۔
جسٹس ہیمنت گپتا نے کہا کہ اس معاملے میں ہماری رائے مختلف ہے۔ میرے پاس 11 سوالات ہیں – پہلا سوال یہ ہے کہ کیا اسے لارجر بنچ کو بھیجا جانا چاہئے؟ کیا حجاب پر پابندی نے لڑکیوں کو متاثر کیا ہے؟ کیا حجاب پہننا دین کا لازمی حصہ ہے؟ کیا حجاب پہننا مذہبی آزادی کے تحت ہے؟ جسٹس گپتا نے کہا، ’’میں اپیل کو خارج کرنے کی تجویز دے رہا ہوں۔‘‘
جسٹس سدھانشو دھولیا نے کہا: "میرا نظریہ مختلف ہے اور میں اپیل کی اجازت دیتا ہوں۔’’ انہوں نے کہا کہ حجاب کو پسند کا معاملہ ہونا چاہیے تھا۔ جسٹس دھولیا نے کہا، "یہ بالآخر پسندکا معاملہ ہے، اس سے زیادہ کچھ نہیں، مزید کچھ نہیں۔”
انہوں نے کہا، "لڑکیوں کی تعلیم میرے ذہن میں سب سے اوپر ہے۔ ایک چیز جو مجھے سب سے اوپر رکھتی ہے وہ بچی کی تعلیم ہے۔ میں احترام کے ساتھ اپنے بھائی، جج سے اختلاف کرتا ہوں۔”
سماعت کے دوران، درخواست گزاروں کی طرف سے پیش ہونے والے وکلاء نے اصرار کیا کہ مسلم لڑکیوں کو حجاب پہننے سے روکنے سے ان کی تعلیم خطرے میں پڑ جائے گی کیونکہ وہ کلاسوں میں جانا بند کر سکتی ہیں۔
سپریم کورٹ کے دو ججوں کے درمیان اختلافات کے بعد حجاب کی جنگ طول پکڑ گئی ہے۔ اب لارجر بنچ اس معاملے کی سماعت کرے گا۔ نیا بنچ دوبارہ حجاب کی نئے سرے سے سماعت کرے گا کیونکہ لارجر بنچ کا الگ جج ہوگا۔ سی جے آئی فیصلہ کرے گا کہ کون سی بنچ کب سماعت کرے گی۔
Comments are closed.