اقلیتی پری میٹرک اسکالرشپ کی رقم میں اضافہ کریں اور درخواست کے عمل کو آسان بنائیں:اکھل مہاراشٹر اردو اساتذہ تنظیم

بلڈھانہ:13 اکتوبر (ذوالقرنین احمد)
مرکزی حکومت نے07-2006 سے مسلم، بدھ، عیسائی، سکھ اور جین اقلیتی طبقوں کے پہلی سے دسویں جماعت تک پڑھنے والے طلباء کے لیے اقلیتی پری میٹرک اسکالرشپ اسکیم شروع کی۔ اس کے لیے تحصیلدار کی جانب سے سے آمدنی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے والدین کی مشقت ، وقت اور خرچ کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکالرشپ کی رقم بہت ہی کم ہے۔ اسکیم کے آغاز میں یعنی 17 سال قبل اس اسکیم کے تحت منظور ہونے والے طلبہ کو 1000 روپے سالانہ اسکالرشپ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ آج 17 سال گزرنے کے بعد بھی اس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، یہ بہت ہی سنگین معاملہ ہے۔ مہنگائی کے تناسب میں اسکالرشپ کی رقم میں اضافہ کرنا بہت ضروری ہے۔ تاہم طلباء کو ملنے والی اسکالرشپ کی رقم 1000 سے بڑھاکر 5000 روپے کی جائے یہ مطالبہ اکھل مہاراشٹر اردو اساتذہ تنظیم کے ریاستی سکریٹری شیخ ضمیر رضا نے ایک میمورنڈم کے ذریعے ریاست کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے کیا ہے۔
اس کے علاوہ پہلے کی طرح تحصیلدار کے انکم سرٹیفکیٹ کی بجائے سیلف ڈیکلرڈ انکم سرٹیفکیٹ لیا جائے، اقلیتی طلباء کو دیگر اسکالرشپس کی طرح 100فیصد طلبہ کو اسکالرشپ دی جائے، رینیول کرتے وقت بینک اکاؤنٹ تبدیل کرنے کی سہولت دی جائے اور اسکول میں اگلی کلاس نہ ہونے یا کسی اور وجہ سے اگر طالب علم اسکول بدلتا ہے تو نئے اسکول میں بھی رینیول کی سہولت دی جائے۔ یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ آن لائن درخواست کے عمل کو آسان بنایا جائے۔ اس سال چونکہ ویب سائٹ آسانی سے نہیں چل رہی ہےاس لئے درخواست کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اسے 31 اکتوبر 2022 کی جائے۔تنظیم نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعلیٰ اس سلسلے میں مرکزی حکومت سے سفارش کریں گے۔
Comments are closed.