محبت رسولؐ کا تقاضا ہے اتباع رسولؐ : پرفیسر شکیل قاسمی

پٹنہ(پریس ریلیز)محبت سے اتباع کا جذبہ بیدار ہوتا ہے ، جس درجے کی محبت ہوگی اسی درجے کا اتباع ہوگا ۔ صرف محبت کا زبانی دعوی مناسب نہیں ہے ، جب تک انسان اپنے عمل سے اپنی محبت کی صداقت کا ثبوت پیش نہ کر دے، اس کا ہر دعوی مسترد کر دئے جانے کے لائق ہے ۔ اطاعت اور اتباع اللہ اور اس کے رسول کی محبت کا اصل معیار ہے۔رسالت پر ایمان سے ہی ہم کامل مومن بنتے ہیں ۔اپنے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فاران فائونڈیشن انڈیا کے چیرمین پروفیسر ڈاکٹر مولانا شکیل احمد قاسمی پٹنہ نے مزید کہا کہ بخاری شریف میں حضرت انسؓ کی روایت موجود ہے کہ ’’سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا تم میں کوئی شخص اس وقت تک مومن نہ ہوگا جب تک کہ میں اس کے نزدیک اس کے باپ، اس کی اولاد اور تمام انسانوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جائوں‘‘۔اس محبت کا تقاضا ہے کہ حضور اکرمؐ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرکے خود بہتر انسان بنے اور سماج کے لئے بہترین نمونہ ثابت ہو۔اس لئے کہ محبت رسولؐ کا تقاضا ہے اتباع رسولؐ۔

Comments are closed.