ششماہی تعطیلات میں طلبائے مدارس احتیاط کے ساتھ سفر کریں: مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی
امتحان ششماہی کے بعد جامعہ محمودیہ میں 10/روزہ تعطیل کا اعلان، ناظم جامعہ کی طلباء کو نصیحت
کانپور(پریس ریلیز) جاجمؤ واقع مشرقی اتر پردیش کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ محمودیہ اشرف العلوم میں امتحان ششماہی کے بعد 10روزہ تعطیل کا اعلان کیا گیا۔ اعلان تعطیل سے قبل جامعہ کے ناظم مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے طلباء کو نصیحتیں کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں اپنا وقت فارغ کرکے تعلیم حاصل کرنے آئے، اس لئے وقت کا بہتر سے بہتر استعمال کرتے ہوئے تعلیم و تربیت دونوں ہی اعتبار سے اپنے اندر نکھا رپیدا کرنے کی کوشش کی، گھر جانے کے بعد یہ نظر بھی آنا چاہئے کہ آپ کہیں سے تعلیم حاصل کرکے آئے ہیں۔ جن طلباء کے پاس بڑے رنگین موبائل ہیں وہ اس مرتبہ اسے اپنے گھر پر ہی رکھ کر آئیں۔ حصول تعلیم کے تئیں خود سے ایماندار بنیں، کسی کو دکھانے یا بتانے کیلئے نہیں بلکہ اپنے لئے پڑھیں۔ گھر جا رہے ہیں موجودہ حالات کے پیش نظرخصوصی احتیاط سے کام لیں، کہیں کوئی پریشانی آئے تو بروقت اپنے اساتذہ اور بڑوں کو صورتحال سے واقف کرائیں۔ اکیلے سفر کرنے سے بچیں، ساتھیوں کے ساتھ رہیں، نمازیں اپنی منزل پر پہنچ کر ادا کریں، دوران سفر دعاؤں کا اہتمام کریں۔
ناظم تعلیمات مفتی سید محمد عثمان قاسمی نے کہا کہ اب آپ اپنے گھروں کو روانہ ہو رہے ہیں، جس طرح مدرسہ میں رہ کر نمازوں کی پابندی ہوتی رہی، گھر پر بھی پابندی ہوتی رہے۔ بہت سے بچوں کی لکھنے کے دوران تحریر اچھی نہیں بنتی، نقل املاء میں کمی رہتی ہے، تعطیلات میں آپ کے پاس وقت اور موقع رہے گا اس کا صحیح استعمال کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ مشق کریں۔ جہاں بھی رہیں اپنے والدین، اساتذہ کے ساتھ مدرسہ کے تمام اسٹاف یعنی سبھی کا احترام کریں، سبھی آپ کے محسن ہیں۔نئی عمر میں غصہ زیادہ آتا ہے، اس لئے اگر کسی طرح کی پریشانی ہوتی ہے تو اپنے غصہ پر قابو رکھیں،خود سے کوئی فیصلہ لینے کے بجائے ذمہ داران سے رجوع کریں۔ مدرسہ کی انتظامیہ آپ کی تمام ضروریات کا خیال رکھتی ہے، آپ کا بھی فرض ہے کہ آپ بھی مدرسہ کا خیال رکھیں اور اس کے نظام کو بنائے رکھنے میں اپنی ذمہ داریوں کو ادا کریں۔ 21/ربیع الاول1444ھ مطابق18/اکتوبر 2022تا 29/ربیع الاول مطابق27/اکتوبر بروز بدھ 10دنوں تک جامعہ میں تعطیل رہے گی۔ درجات عربی کے طلباء کا ابھی ایک پرچہ امتحان کیلئے باقی رکھاگیا ہے، جسے تعطیل ختم ہونے کے بعد پہلے ہی دن لیا جائے گا، اس لئے وقت پر تمام طلباء کی حاضری لازمی ہے۔
اس سے قبل تقریب کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا۔ اس موقع پر جامعہ ہذا کے تمام اساتذہ کرام و طلبائے عزیز موجود رہے۔
Comments are closed.