حضورؐ کی ختم نبوت ؐ کو گھر گھر پہنچانا ہر مسلمان کی ذمہ داری: مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی

مسجد مدح خاں میں فیتھفل گنج، میرپورچھاؤنی، گڑریامحال اور ریل بازار کے علمائے کرام و ائمہ مساجد کی میٹنگ منعقد
کانپور(پریس ریلیز) جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام 6نومبر بروز اتوار رجبی گراؤنڈ پریڈ میں منعقد ہونے والی عظیم الشان تحفظ ختم نبوت و تحفظ حدیث کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں مسجد مدح خاں فیتھفل گنج میں حلقہ میرپور، فیتھفل گنج، گڑریاں محال اور ریل بازار کے علمائے کرام، ائمہ مساجد و دانشوران کی ایک اہم نشست شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔
میٹنگ میں بطور خاص تشریف لائے مذکورہ کانفرنس کے نگراں مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے کہا کہ ہر فرد تک یہ بات پہنچانا ہماری آپ کی منصبی ذمہداری ہے کہ ’اللہ کے نبیؐ حضرت محمدﷺ اللہ کے آخری نبی ہیں، آپؐ کے بعد اب کسی طرح کا کوئی نیا نبی نہیں آنے والا ہے“۔ اس کے علاوہ عقائد کے تعلق سے جو بنیادی باتیں ہیں اس سے عوام کو واقف کرائیں، اس کیلئے مختلف ذرائع ابلاغ کا استعمال کر سکتے ہیں۔ ائمہ مساجد اور علمائے کرام اگر اس بات کو اپنے دل پر لے لیں کہ ہمارے رہتے ہوئے کوئی کم از کم ہماری مسجد کے مصلیان کے عقیدہ میں بگاڑ نہیں پیدا کر سکتا تو یہ کوئی بہت مشکل کام نہیں ہیں۔ جمعہ کے بیانات میں عقائد کواپنا موضوع بنائیں۔ ہم عوام میں صحیح عقیدہ بیان کریں، عقیدہ توحید کیا ہے، اللہ کے تعلق سے ہمارا کیا عقیدہ ہونا چاہئے؟ عقیدہ رسالت کیا ہے اور حضورؐ کے تعلق سے ہمارا کیا عقیدہ ہونا چاہئے؟ اس کے علاوہ آخرت، قرآن و احادیث، صحابہ کرامؓکے تعلق سے ہمارا کیا تعلق اور عقیدہ ہونا چاہئے، اسے عوام کو بتائیں اورجب عقیدہ ٹھیک ہوگا تبھی عمل بھی پختہ ہوگا۔ آخر میں مولانا نے 6نو مبر کو ہونے والی کانفرنس جس میں دار العلوم دیوبند کے مہتمم، نائب مہتمم سمیت ملک کے بڑے بڑے علمائے کرام تشریف لا رہے ہیں کی اہمیت و ضرورت سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ آئندہ بچے ہوئے دنوں میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو رجبی گراؤنڈ پریڈمیں ہونے والی اس کانفرنس میں شرکت کیلئے ترغیب دے دیں، ساتھ ہی جو حضرات جس طرح سے بھی ختم نبوت کے اس پروگرام میں اپنا تعاون دے سکتے ہیں وہ اس میں ضرور حصہ لیں۔
جمعیۃ علماء شہر کانپور کے نائب صدر مولانا نور الدین احمد قاسمی نے کہا کہ فتنوں کی سرکوبی پوری امت مسلمہ خاص طور پر علماء، حفاظ اور ائمہ مساجد جو وارثین انبیاء ہیں کی ذمہ داری ہے۔ کوئی بھی ہماری آپ کی صفوں کے اندر دینداری کا لبادہ اوڑھ کر آ جاتا ہے اور دین کے نام پر جو کچھ سمجھا کر چلا جاتا ہے ہمارے لوگ اسے ہی دین سمجھ لیتے ہیں کیونکہ ہمارے لوگوں کے پاس دین کا بنیادی علم ہی نہیں ہوتا ہے۔ ایسے میں ہم علماء کی ذمہ داری ہے کہ خود بھی بیدار رہیں اور لوگوں میں بیداری پیدا کرتے رہیں۔ فتنوں کی سرکوبی کیلئے شہر میں مستقل کام ہوتا رہتا ہے، اسی ضمن میں آئندہ آنے والے6نومبر کو رجبی گراؤنڈ پریڈ میں ایک بڑی کانفرنس ہونے جا رہی ہے،ہمیں اس کانفرنس کو کامیاب بنانے کیلئے ہر طرح کی کوششیں کرنی ہیں، لوگوں کوعقائد کی اہمیت سے واقف کرا کر انہیں کانفرنس تک پہنچنے کیلئے آمادہ کرنا ہے اور جو لوگ دین و عقائد کی حفاظت کے کام میں لگے ہیں ان کا ہر طرح سے ساتھ دینا ہے۔
اس سے قبل قاری مجیب اللہ عرفانی نے میٹنگ کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ مسجد مدح خاں فیتھفل گنج کے امام وخطیب مولانا عزیز الحسن قاسمی نے تمام شرکا ء کا شکریہ ادا کیا۔ میٹنگ میں کانفرنس کے کنوینر مفتی اظہار مکرم قاسمی سمیت کثیر تعداد میں مقامی علمائے کرام، ائمہ مساجد، ذمہ داران مدارس و مکاتب کے ساتھ عوام موجود رہے۔
Comments are closed.