ملک کی ترقی اور سالمیت کے لئے امن و اتحاد ضروری

دیوبند میں منعقد جمعیۃ کی سدبھاؤنا سنسد میں مذہبی رہنماؤں اور سرکردہ شخصیات کا پیغام
کچھ فرقہ پرست طاقتیں ملک کو پارہ پارہ کرنا چاہتی ہیں:صدیق اللہ چودھری
سماج میں پھیلی دوریاں ختم کرنے لئے اس طرح کے پروگرام ضروری: ایس پی دیہات
پروگرام کا مقصد ملک کے ماحول کو خوشگوار بنانا ہے: مولانا سلمان بجنوری
دیوبند،29؍ اکتوبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
جمعیۃ علماء ہند کی سدبھاؤنا منچ کے تحت آج دیوبند میں سدبھاؤنا سنسد کا انعقاد کیا گیا، جس میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں اور سرکردہ شخصیات نے شرکت کرکے متحدہ طور پر ملک میں امن و اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام دیا اور جمعیۃ علماء ہند کی سدبھاؤ مہم کی تعریف کرتے ہوئے اسے وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا،اس دوران ہاتھ اٹھاکر اتحاد کا پیغام دیا گیا۔عیدگاہ روڈ پرواقع شیخ الہند ہال میںمنعقد سدبھاؤنا سنسد میں مہمان خصوصی مغربی بنگال کی ممتا بنرجی حکومت میں کابینہ کے وزیر اور جمعیۃ علماء بنگال کے ریاستی صدر مولانا صدیق اللہ چودھری نے ملک کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہا کہ دیوبند نے ہمیشہ بھائی چارے اور اتحاد کو مضبوط کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے، اب ایک بار پھر دیوبند کے اوپر یہ بڑی ذمہ داری عائد ہے کہ وہ ملک اور دنیا میں امن قائم کرنے کے لیے وہی کردار ادا کرے جو اس کی تاریخ اور روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے انسانیت، بھائی چارے اور مساوات کو بہت اہمیت دی ہے، اسلام نے ہمیشہ انسانیت کو ترجیح دی ہے اور نبی کریمؐ نے پوری انسانیت کے لئے امن و سلامتی کا بے نظیر پیغام دیاہے،جس پر عمل کرنے سے پوری انسانیت فلاح وکامیابی پاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ہندو مسلمانوں کو ملک میں امن اور بھائی چارے کی مضبوطی کے لیے کام کرنا چاہیے اور دیوبند کی اس تاریخی سرزمین سے ہمیںمتحدہ طور پر ملک کے اتحاد کو مضبوط کرنے کا پیغام دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند سدبھاؤنا منچ قائم کرکے ملک کو ایک لڑی میں پرونے کا کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان سے اچھا ملک پوری دنیا میں نہیں ہے، لیکن آج کچھ فرقہ پرست طاقتیں ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتی ہیں ،ہمیں ملک کی سالمیت کے لئے اس بات کو سمجھنا ہوگا، انہوںنے کہاکہ ابھی یہ بات نہ سمجھی گئی تو پھر مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائیگا، انہوں نے ملک کی آزادی میں علمائے کرام کی قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی کہاکہ ملک کی آزادی در حقیقت اتحاد کے سبب ہوئی تھیں اور اب ایک مرتبہ پھر ملک کو اسی اتحاد کی ضرورت ہے۔جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ دیوبند نے ہمیشہ اتحاد، امن اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے اور ایک بار پھر اسی جذبے کے ساتھ یہاں سے آواز بلند ہوئی ہے جو پورے ملک میں سنی جائے گی۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے 12 ؍افرادپر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی ہے، جس میں 6 مسلم اور 6 غیر مسلم شامل ہیں جو موجودہ نفرت کے دور کو ختم کرنے کے لیے کام کرینگے، اس طرح کی کمیٹیاں ملک بھر میں قائم کی جائینگے جو پورے ملک میں امن و سلامتی ،بھائی چارے اور پیارو محبت کا پیغام دینے کے لئے کام کرینگی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ ہند پورے ملک میں ایک ہزار سدبھاونا سنسد کا انعقاد کررہی ہے اور اسی کے تحت آج کا دیوبند کا یہ پروگرام منعقد ہو ہے ا۔ایس پی دیہات سورج رائے نے کہا کہ ملک کی مضبوطی کے لئے خیرسگالی کا پیغام ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام وقتاً فوقتاً منعقد ہونے چاہئیں تاکہ معاشرے میں پھیلی ہوئی دوریاں ختم ہوسکیں اور ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو زندہ رکھا جا سکے۔انہوں نے جمعیۃ علماء ہند کی سدبھاؤنا کاوشوں کی ستائش کی۔دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث نائب صدر جمعیۃ علماء مولانا سلمان بجنوری نے موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مسئلہ ہندو مسلمان کا نہیں ہے بلکہ اصل مسئلہ ہمارے ملک کا ہے اور اس کی بقاء اور تہذیب کو باقی رکھنے کاہے، انہوں نے کہاکہ آ ج کے پروگرام کا مقصد یہی ہے ماحول کو خوشگوار بنایاجائے اور شرپسندعناصر کی سازشوں کو ناکام بنایاجائے۔ تریپورہ بالا سندری دیوی مندر ٹرسٹ کے صدر پنڈت ستیندر شرما نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ملک کو متحد کرنے اور ملک کے امن اور بھائی چارے کو مضبوط کرنے کے لیے کام کر رہی ہے،اس کا یہ کام قابل ستائش ہے،انہوںنے کہاکہ سماج میں پیدا رہورہی دوریوں کو اس طرح کے پروگراموںسے ختم کیا جاسکتاہے، اسلئے اس طرح کے پروگرام ہوتے رہنا چاہئے،کیونکہ متحدہ پیغام ہی ملک کی طاقت ہے،انہوںنے جمعیۃ علماء ہند کی اسکاؤٹ گائیڈ مہم کی تعریف کی اور اسکاؤٹ سینٹر میں رخنہ ڈالنے والوں پر سخت تنقید کی۔ ایس ڈی ایم سنجیو کمار اور سی او رام کرن سنگھ نے کہا کہ دیوبند نے ہمیشہ ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو مضبوط کرنے کے لیے کام کیا ہے اور اس کی آواز پوری دنیا میں سنی جاتی ہے، یہ ایک بہترین کوشش ہے، جس سے سماج میں پھیلی دوریاں ختم ہوگی اور ایک اچھا پیغام جائیگا۔ ونود پرکاش گپتا، ڈاکٹر پردیپ ورما، دیپک راج سنگھل، اشوک گپتا، ڈاکٹر ڈی کے جین، سیٹھ، کلدیپ کمار، چندن سنگھ راناوغیرہ نے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ دیوبند نے مذہب اور تعلیم کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو امن و ہم آہنگی کا پیغام دیاہے۔پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے ضلع صدر مولانا ظہور احمد قاسمی، پروگرام کنوینر پرویندر کمار اورضلع سکریٹری سید ذہین احمد نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند نے ہمیشہ ملک کو مضبوط کرنے کے لیے خیر سگالی کا پیغام دیا ہے۔ پرویندر کمار اور ذہین احمد نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت سید وجاہت شاہ نے کی اور مولانا سلمان بجنوری کی دعاء پر پروگرام کا اختتام ہوا۔اس موقع پر جمعیت علماء ہند کے ضلع سکریٹری مولانا ابراہیم قاسمی، مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی، جمعیۃ علماء ہند کی مجلس منتظمہ رکن مولانا شمشیر قاسمی،رامپور تحصیل کے صدر مفتی عارف مظاہری، رکن مجلس منتظمہ قاری زبیر احمد قاسمی، نجم عثمانی،فیضی صدیقی، قاری ایوب،مولانا عبدالمنان،قاری محمد قاسم،قاری دلشاد،مولانا بلال احمد،مولوی فہیم احمد،انعام احمد، مولانا عرفان،محمد ہارون،سیٹھ عبدالرب اور قاری سیف الاسلام وغیرہ سمیت کثیر تعداد میں ہندومسلم سماج کی شخصیات نے شرکت کی۔
Comments are closed.