آسٹریلیا: خاتون کے قتل میں ملوث ہندوستانی شہری کی پولس کوتلاش،13کروڑکے انعام کااعلان

آن لائن نیوزڈیسک
ایک خاتون کے قتل میں ملوث انڈین شہری کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے آسٹریلیا کی پولیس نے چھ لاکھ 33 ہزار ڈالر دینے کی پیشکش کی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق کوئینز لینڈ کی پولیس کو 38 برس کے راجویندر سنگھ کی تلاش ہے جن پر ایک 24 برس کی لڑکی ٹویا کورڈنگلی کو قتل کرنے کا شُبہ ہے۔
راجویندر سنگھ ریاست کوئینز لینڈ کے شہر کیرنس کے ایک ہسپتال میں بطور نرس کام کرتے تھے جب 22 اکتوبر 2018 کو ٹویا کورڈنگلی کی لاش وینگیٹی کے ساحل سے ملی۔
وہ اپنے پالتو کتے کے ساتھ چہل قدمی کے لیے ساحل پر گئی تھیں۔
پولیس کے مطابق جس دن ٹویا کورڈنگلی کی لاش پولیس کو ملی، اس دن راجویندر سنگھ کیرنس سے سڈنی گئے اور پھر ایک دن بعد انڈیا چلے گئے۔
کوئینز لینڈ کی تاریخ میں یہ سب سے بڑی انعامی رقم ہے جو پولیس معلومات کے بدلے دے گی۔
پولیس کے منسٹر ماسٹر ریان نے انعام دینے کی منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پُراعتماد ہیں کہ لوگ جانتے ہیں کہ راجویندر سنگھ کہاں ہو سکتے ہیں۔
’ہمیں معلوم ہیں کہ لوگ اس شخص کے بارے میں جانتے ہیں، ان کو معلوم ہے کہ یہ شخص کہا ہے اور ہم ان لوگوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ درست بات کا ساتھ دیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ٹویا کورڈنگلی اور ان کے خاندان کو انصاف دینے کے لیے ہماری مدد کریں۔
ڈپٹی پولیس کمشنر ٹریسی لنفورڈ کا کہنا ہے کہ ان کو یقین ہے کہ راجویندر سنگھ انڈیا میں موجود ہیں۔
کوئینز لینڈ کے تین پولیس افسر انڈیا میں ہیں اور وہ تحقیقات کے سلسلے میں انڈین حکام کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
Comments are closed.