جامعہ رحمانی مونگیر: اجلاس دستار بندی کی تیاری زوروں پر

ہزاروں افراد کی شرکت متوقع

مونگیر:06 /نومبر (پریس ریلیز)
جامعہ رحمانی مونگیرکے اجلاس دستار بندی میں اب گنتی کے چنددن رہ گئے ہیں، جیسے جیسے اجلاس کی تاریخ۱۰؍نومبر قریب آرہی ہے، اس کی تیاری تیزسے تیزتر ہوتی جارہی ہے، صفائی ستھرائی کا کام تیزی کے ساتھ چل رہا ہے،اور پنڈال وغیرہ لگ رہا ہے،مذکورہ باتیں جامعہ رحمانی کے جنرل سکریٹری جناب الحاج مولانا محمد عارف صاحب رحمانی نے کہیں، انہوںنے کہا کہ امید ہے اجلاس میںملک کے مختلف صوبوںاور ریاست بہارسے مخلصین، متوسلین اور فرزندان توحید کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ اس موقعہ پر مفکراسلام حضرت مولانا محمد ولی رحمانی کے جانشین جامعہ رحمانی کے سرپرست پیر طریقت حضرت امیرشریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب مدظلہ کے ہاتھوں جامعہ رحمانی کے فارغ ہونے والے۸۸؍علما ء وحفاظ کے سروں دستار فضیلت باندھی جائے گی، مشاہیر علماء کرام اور مشائخ عظام کا خطاب ہوگا اورامیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب ملت کو حیات بخش پیغام دیں گے۔
جنرل سکریٹری صاحب نے کہا کہ جامعہ رحمانی مونگیر ملک کا مشہور اور صوبہ کاممتاز ومایۂ ناز ادارہ ہے، اس کامیاب ادارہ کو وقت کے عظیم مصلح بانی ندوۃ العلماء لکھنؤ، قاطع قادیانیت حضرت مولانامحمد علی مونگیریؒ نے ۱۹۲۷ء میں اخلاص وللہیت کی بنیادوں پر قائم فرمایا، جو ۱۹۳۴ ء کے قیامت خیز زلزلہ میں بند کردیا گیا، اور پھر ۱۹۴۲ء میں بانی آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ شیخ طریقت حضرت امیر شریعت مولانا منت اللہ رحمانی نور اللہ مرقدہ کے ذریعہ اس کی نشأۃ ثانیہ ہوئی،حضرت مولانا مونگیریؒ کے ہاتھوں لگایاہؤا یہ پودا بہت جلد تناور درخت بن گیا،اورعالم ربانی مفکراسلام حضرت مولانا محمد ولی صاحب رحمانی ؒکے زیر نگرانی ان کی کامل توجہ کے نتیجہ میں ترقیات کے منازل طے کرتاہؤا یہ ادارہ تعلیم وتربیت کے میدان میں اپنی بہتر خدمات کے بنا پر باوقاربن گیا، اور علمی دنیا میں قدر کی نگاہوںسے دیکھا جانے لگا۔اور اب یہ ادارہ حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی زیر سرپرستی ترقی کی شاہراہ پر چل رہا ہے۔
جامعہ رحمانی کے جنرل سکریٹری جناب الحاج مولانا محمد عارف صاحب رحمانی نے مخلصین محبین اور عام مسلمانوں سے گذارش ہے کہ اپنے محبوب اورمؤقرادارہ کے عظیم الشان اجلاس دستار بندی میں شرکت فرمائیں ،۱۰؍نومبر کی صبح کو اپنے احباب اور مخلصین کے ساتھ خانقاہ رحمانی آجائیں،یہاں آکر اپنے بزرگوں کی مغفرت کیلئے تلاوت قرآن اورذکرووردکا اہتما م کریں اور بعد نماز مغرب اجلاس دستاربندی میں شریک ہوکر علماء کرام کی بصیرت افروز تقریروںسے فائدہ اٹھائیں اور جامعہ رحمانی کے فارغین کی دستاربندی کا خوشنمامنظراپنی نگاہوں سے دیکھیں، انہیں دعائوں سے نوازیںاورجانشیں مفکر اسلام حضرت مولانا محمد ولی صاحب رحمانی ؒپیر طریقت حضرت امیرشریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب مدظلہ کے حیات بخش پیغام کو سنیں اور اس پر عمل کریں اور اس کی روشنی میںدین و دنیا کی نعمتوں اور سعاد توں سے اپنے دامن کو بھر یں اورآخرت کیلئے رحمت و مغفرت کی راہ ہموار کریں ۔ اجلاس میں عورتوں اوربچوں کو شرکت کی چونکہ اجازت نہیں ہے، اس لیے اس موقعہ پر آنے والے عورتیں اوربچے ہرگزاپنے ساتھ لے کر نہ آئیں۔

Comments are closed.