گجرات اسمبلی انتخابات 2022: بی جے پی رویندرجڈیجہ کی بیوی اورہاردک پٹیل کوبنایاامیدوار

نئی دہلی(ایجنسی) گجرات اسمبلی انتخابات 2022 کے لیے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کرکٹ آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کی اہلیہ ریوبا جڈیجہ کو جام نگر شمالی اسمبلی سیٹ سے میدان میں اتارا ہے اور اس سیٹ کے موجودہ ایم ایل اے دھرمیندر سنگھ ایم جڈیجہ کاٹکٹ کاٹ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے پاٹیدار لیڈر ہاردک پٹیل کو بھی ویرم گرام سے پارٹی امیدوار بنایا گیا ہے۔ جمعرات کو جاری کی گئی امیدواروں کی پہلی فہرست میں 182 میں سے 160 اسمبلی سیٹوں کے امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں کل سات نام ہیں، جنہوں نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا تھا۔
بی جے پی نے موربی اسمبلی سیٹ سے موجودہ ایم ایل اے کا ٹکٹ کاٹ کرسابق ایم ایل اے کانتی لال امروتیا کو میدان میں اتارا ہے، جنہوں نے مبینہ طور پر حادثے کے وقت جان بچانے کے لیے دریا میں چھلانگ لگا دی، جو حال ہی میں پل حادثے کی وجہ سے خبروں میں آئےتھے۔
پارٹی نے گھاٹلوڈیا اسمبلی سیٹ سے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کو میدان میں اتارا ہے۔
گزشتہ 27 سالوں سے گجرات میں برسراقتدار بی جے پی نے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی سمیت اپنے کئی سینئر لیڈروں کو میدان میں نہیں اتارا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ روپانی سمیت ان سینئر لیڈروں میں سے کچھ نے اپنے طور پر الیکشن لڑنے سے انکار کر دیا ہے۔
پہلی بار انتخاب لڑنے والے امیدواروں میں ریوابا جڈیجہ بھی شامل ہیں، جو سال 2019 میں بی جے پی میں شامل ہوئی تھیں۔ ریوابا ایک مکینیکل انجینئر ہیں، اور کانگریس کے سینئر لیڈر ہری سنگھ سولنکی کی رشتہ دار ہیں۔ ان کی شادی سال 2016 میں کرکٹر رویندر جڈیجہ سے ہوئی تھی۔
کانگریس سے بی جے پی میں شامل ہونے والے سات امیدوار ہیں، جو 2017 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر لڑے تھے۔ ان میں پردیومن جڈیجہ اور اشون کوتوال شامل ہیں۔ گجرات کانگریس کے سابق ورکنگ صدر ہاردک پٹیل 2017 میں الیکشن نہیں لڑ سکتے تھے کیونکہ اس وقت ان کی عمر 25 سال سے کم تھی۔
گجرات میں پہلے مرحلے میں 89 سیٹوں پر یکم دسمبر کو اور دوسرے مرحلے میں 5 دسمبر کو 93 سیٹوں پر پولنگ ہو گی۔ ووٹوں کی گنتی یعنی انتخابی نتائج کا اعلان 8 دسمبر کو کیا جائے گا۔
بدھ کو بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا کی صدارت میں پارٹی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ کے بعد جمعرات کی صبح امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی گئی ہے۔ بدھ کی میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی آبائی ریاست گجرات میں بی جے پی گزشتہ 27 سالوں سے مسلسل برسراقتدار ہے اور اس بار ریاست میں سہ رخی مقابلہ ہونے کا امکان ہے، کیونکہ بی جے پی کے علاوہ اور اہم اپوزیشن کانگریس، اس بار عام آدمی پارٹی (AAP) بھی بھرپور انتخابی مہم میں مصروف ہے۔
Comments are closed.