بیگوسرائے میں ایس ٹی ایف کی کارروائی،اسلحہ اور شراب کے ساتھ تین افرادگرفتار

بیگوسرائے۔ ۱۳؍جنوری: اسلحہ اور شراب کے کاروبار پر قابو پانے کے لیے ایکشن موڈ میں کام کر رہی ایس ٹی ایف اور مقامی پولیس کو ایک بار پھر بڑی کامیابی ملی ہے۔ گذشتہ شب بھی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) اور مقامی پولیس نے چھاپہ ماری کر تین مجرموں کو اسلحہ اور شراب کے ساتھ گرفتار کیاہے ۔معلومات کے مطابق پٹنہ ایس ٹی ایف کے ایس او جی تھری کو اطلاع ملی تھی کہ شراب اور اسلحہ سے لیس کچھ مجرم بیگوسرائے ضلع ہیڈکوارٹر کے رتن پور اسسٹنٹ تھانہ علاقے میں ایک بڑی واردات کو انجام دینے کی تیاری میں ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ایس ٹی ایف کی ٹیم نے مقامی پولیس کے ساتھ چھاپہ ماری کی ۔ جس میں بلیا تھانہ کے گوکھلے نگر وشنو پور رہائشی کیشو کمار اور روہت کمار اور رتن پور اسسٹنٹ تھانہ علاقہ کے چٹی روڈ رہائشی منیش روشن کو گرفتار کیا گیا۔ان کے پاس سے 7.65 ایم کا پستول ، ایک دیسی ساختہ پستول ، ایک زندہ گولی ، 17 بوتل غیر ملکی شراب اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔ تمام گرفتار مجرموں سے پوچھ گچھ کے ساتھ ساتھ ان سے متعلق خصوصی معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ بیگوسرائے پولیس اور بہار ایس ٹی ایف کی ٹیم بیگوسرائے میں جرائم پیشہ افراد اور شراب مافیا کی کمر توڑنے کے لیے ایکشن موڈ میں ہے۔ مسلسل چھاپہ ماری کر جرائم پیشہ افراد کو اسلحہ کے ساتھ پکڑا جارہا ہے ، اسی ضمن میں ایک بار پھر بڑی کامیابی ملی ہے۔
Comments are closed.