بی جے پی کی مرکزی اور ریاستی حکومتیں کسان مخالف ہیں
بھارتیہ کسان یونین ورما کی میٹنگ میں یونین کے صدر بھگت سنگھ ورما کا اظہار خیال
دیوبند،17؍ جنوری(سمیر چودھری؍بی این ایس)
بھارتیہ کسان یونین ورما گروپ کی میٹنگ سہارنپور میں واقع پیپر مل روڈ دفتر پر منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر یونین کے قومی صدر بھگت سنگھ ورما نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی اور ریاستی حکومت لگاتار کسان مخالف کام کررہی ہے ، کسانو ںکو 14روز میں تو کیا 14مہینہ میں بھی شوگر فیکٹریوں سے گنے کی ادائیگی نہیں ہورہی ہے اور ابھی تک ریاست اترپردیش کی یوگی حکومت نے گنے کی قیمت کا اعلان نہیں کیا ہے جو سراسر کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ بھگت سنگھ ورما نے کہا کہ سہارنپور ضلع کی 6شوگر فیکٹریوں پر گزشتہ سال کا 5سو کروڑ روپیہ باقی ہے جو ابھی تک نہیں دیا گیا ہے ۔ بھگت سنگھ ورمانے کہا کہ گنا سیزن شروع ہوئے ڈھائی مہینے گزرچکے ہیں اور حکومت نے ابھی تک گنے کی قیمت کا اعلان نہیں کیا ہے ، جب کہ اس مرتبہ گنے پر مہنگائی کی وجہ سے سب سے زیادہ لاگت آئی ہے، ایک کونٹل گنا پیدا کرنے پر 450روپے کا خرچ آرہا ہے ۔ بھگت سنگھ ورما نے بی جے پی کی یوگی حکومت اور شوگر فیکٹری انتظامیہ کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے جلد ہی گنے کی قیمت 600روپے فی کونٹل نہیں کی اور شوگر فیکٹریوں سے بقایا گنے کی ادائیگی سود سمیت نہیں دلائی اور شوگر فیکٹریوں میںگھٹتولی کو نہیں روکا گیا اور منریگا اسکیم کو کھیتی سے نہیں جوڑا گیا تو بھارتیہ کسان ورما گروپ 6فروری کو گنا بھون سہارنپور کا گھیرائو کرے گی ۔ میٹنگ کی صدارت رویندر چودھری گوجر نے کی اور نظامت عاصم ملک نے انجام دیئے۔ اس موقع پر محمد کلیم، حاجی سلیمان، محبوب حسن، حاجی ساجد، بھوپیندر چودھری، سنیل دھیمان، یشپال تیاگی، سبھاش تیاگی، سدھیر چودھری، جوگندر وغیرہ موجود رہے۔
Comments are closed.