پٹنہ میں دن دہاڑے کئی راؤنڈ ہوائی فائرنگ،موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے واردات کو انجام دیا
پٹنہ۔ ۱۷؍جنوری: دارالحکومت پٹنہ سے متصل بہٹا میں کئی راؤنڈ ہوائی فائرنگ کی گئی ۔ تھانہ علاقہ کے کنہولی بازار میں کچھ جرائم پیشہ افراد نے خوف و ہراس پھیلانے کے لیے بازار میں کئی راؤنڈ فائرنگ کی اور پستول لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولیس ٹیم مقامی دکانداروں سے معلومات لے کر معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ضلع کے کنہولی بازار میں بائک سوار تین نوجوان بازار میں آئے اور وہاں سے کئی راؤنڈ فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ اس طرح کے واقعہ کے بعد ایک بار پھر بازار کے دکانداروں اور عام لوگوں میں جرائم پیشہ افراد کا خوف پھیل گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور معاملے کی جانچ شروع کردی۔ مقامی دکانداروں نے اس معاملے میں پولیس کو بتایا کہ اچانک ایک بائک پر سوار تین لوگ آئے اور ہوا ئی فائرنگ کرتے ہوئے بازار علاقہ سے فرار ہوگئے۔ اس واقعے کے بعد بازار میں موجود کئی دکانوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ پولیس فائرنگ کرنے والے مجرموں تک پہنچ کر ملزمین کو گرفتار کر سکے۔ جبکہ موقع پر کی گئی تفتیش میں پولیس کو ایک کھوکھا بھی نہیں ملا۔ جن کی تلاش میں پولیس ٹیم مصروف ہے۔بہٹا تھانہ صدر سنو ر خان نے بتایا کہ کنہولی بازار میں بائک سوار نوجوانوں کی طرف سے ہوائی فائرنگ کی اطلاع ملی ہے۔ جس کے بعد پولیس ٹیم نے بازار پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔ جبکہ تینوں افراد موقع سے فرار ہو گئے ہیں۔ اس وقت پولیس بازار میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ میں مصروف ہے۔ جس کے بعد مفرور بدمعاشوں کی شناخت جاری ہے۔ تاہم بازار میں فائرنگ کے بعد ایک کھوکھابھی برآمد نہیں ہوا۔
Comments are closed.