بہار میں فرقہ پرستی کرنے والوں کے لئےکوئی جگہ نہیں

 

غلام رسول بلیاوی کی تقریر کے حوالے سے تیجسوی یادوکی میڈیا سے گفتگو

پٹنہ: بہار کےنائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کا کہنا ہے کہ بہار میں فرقہ پرستی کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ یہ باتیں انہوں نے ہفتہ کے روز پارٹی کے ریاستی دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ تیجسوی نے یہ بیان غلام رسول بلیاوی کے حوالے سے دیا، جس میں انہوں نے شہروں کو کربلا بنانے کی بات کی تھی۔ہفتہ کے روز پارٹی کے ریاستی دفتر پہنچے تیجسوی سے جے ڈی یو لیڈر غلام رسول بلیاوی کے متنازعہ بیان کے بارے میں پوچھا گیا۔ اس بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟ جس کے بعد تیجسوی نے کہا کہ بہار میں فرقہ پرستی کرنےو الوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ حالانکہ تیجسوی نے اس کے بعد پوچھے گئے کسی اور سوال کا جواب نہیں دیا اور وہاں سے چلے گئے۔واضح ہو کہ جے ڈی یو کے سینئرلیڈر اور سابق ایم ایل سی غلام رسول بلیاوی نے جھارکھنڈ کے ہزاری باغ میں ایک متنازعہ بیان دیا تھا۔ ایک پروگرام کے دوران سابق بی جے پی رہنما نوپور شرما کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ اگر انہوں نے اپنے آقا (پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم) کی شان کو گستاخی کی تو وہ شہروں کو کربلا بنا دیں گے ۔ جس کے بعد بہار کی سیاست میں بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے۔واضح رہے کہ متنازعہ بیان کو لے کر گزشتہ کچھ عرصے سے بہار کی سیاست کافی گرم ہے۔ اس سے قبل ریاستی وزیر تعلیم پروفیسر شیکھر نے رام چریت مانس کے حوالے سے اپنا متنازعہ بیان دیا تھا۔ اس کے چند روز بعد غلام رسول بلیاوی نے اپنا متنازع بیان دیا جس کے بعد تمام جماعتیں ایک دوسرے پر سیاسی حملے کرنے میں مصروف ہیں۔

Comments are closed.