دستور ہند ہماری طاقت اور اس کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے:پروفیسر اقتدار محمد خان

یوم جمہوریہ تقریبات کی مناسبت سے منعقد پروگرام میں پروفیسر اقتدار محمد خان کا خطاب
نئی دہلی:۲۴؍جنوری(پریس ریلیز)
’’دستور ہند ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اور اس کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔یہ ہندوستان کونہ صرف ایک آزاد جمہوری ملک بناتا ہے،بلکہ عوام کو انصاف،مساوات اورآزادی کے حقوق سے بھی نوازتا ہے۔‘‘ان خیالات کا اظہارپروفیسر اقتدار محمد خان، صدر شعبہ،اسلامک اسٹڈیز،جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی نے بزم تحقیق اور بزم طلبہ کے اشتراک سے یوم جمہوریہ کی مناسبت سے منعقد ہونے والے ایک پروگرام میں کیا۔انہوں نے مزید فرمایا کہ وطن عزیز ہندوستان کو دنیا کے دیگر ممالک پر یہ امتیازی خصوصیت حاصل ہے کہ یہاں کے باشندے مختلف مذاہب کے پیروکار اور متعدد تہذیبوں کے امین ہیں،اس لیے یقینا ایک ایسے آئین کی ضرورت تھی جو بلا امتیاز مذہب وملت انسانی حقوق کا علم بردار ہواوریہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ دستور ہند اس تصور کے عین مطابق ہے۔اس موقع پر بزم طلبہ کے مشیرڈاکٹر خورشید آفاق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دستور ہند کا بنیادی مقصد ایک ایسے سماج کو تشکیل دینا تھا جس میں تمام مذاہب کے افراد ایک دوسرے کے مذہبی عقائد وتعلیمات کا احترام کریں اور اس ملک کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کریں،ہمیں اس حوالے سے اپنے ممکنہ کردارپرغورکرنے کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ یوم جمہوریہ تقریبات کے حوالے سے دو دن تک چلنے والے پروگراموں میں طلبہ کے درمیان متعلقہ موضوعات پرتقاریر(یوم جمہوریہ کاپیغام اہل وطن کے نام)،مباحثہ(دستورہند کی تمہید)،ڈکومینٹری اسکریننگ (آئین ہند کی تاریخ)،پوسٹر میکنگ اورگروپ ڈسکشن(دستورہند کی تمہید) وغیرہ کے مقابلے کرائے جائیں گے،نیزکام یاب ہونے والے طلبہ کو اسناد سے بھی نوازا جائے گا۔ان میں سے مباحثہ اور پوسٹرمیکنگ کے مقابلے آج ہو چکے ہیں۔اس موقع پر شعبہ کے جملہ اساتذہ جناب جنید حارث،ڈاکٹر محمد مشتاق،ڈاکٹر محمدارشد،ڈاکٹر محمد خالد خان،ڈاکٹر محمد عمرفاروق، ڈاکٹر جاوید اختر،ڈاکٹر انیس الرحمان،ڈاکٹر محمد اسامہ،ڈاکٹر عمار عبدالحئی،ڈاکٹر ندیم سحر عنبریں اورڈاکٹر محمد مسیح اللہ موجود تھے۔

Comments are closed.