صدر ٹرمپ نے شام کے خلاف تمام امریکی پابندیاں ہٹانے کا اعلان کر دیا

 

بصیرت نیوزڈیسک

سعودی عرب میں امریکی اتحادیوں سے ملاقات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکہ شام کے خلاف باقی ماندہ تمام پابندیاں بھی اٹھا رہا ہے۔

 

صدر ٹرمپ نے کہا، ”میں شام کے خلاف پابندیاں ختم کرنے کا حکم دوں گا تاکہ انہیں اپنی عظمت رفتہ بحال کرنے کا موقع دیا جا سکے۔‘‘

صدر ٹرمپ نے شامی قوم سے براہ راست مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ”ہمیں اپنے مستقبل کے لیے کچھ خاص دکھائیں۔‘‘

 

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے شام کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لیے پہلا قدم اٹھا لیا ہے، جو ایک طویل عرصے سے بدترین حالات سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب شام کے لیے آگے بڑھنے کا وقت ہے۔

 

صدر ٹرمپ کی شام کے عبوری صدر احمد حسین الشرع سے آج بدھ 14 مئی کے روز ایک ملاقات متوقع ہے۔

واضح رہے کہ بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد دمشق میں قائم نئی حکومت نے عالمی برادری سے شام پر عائد پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان پابندیوں نے ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اور اقتصادی بحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ تصور کی جا رہی ہیں۔

 

ڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ کے اپنے تین ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں کل منگل کے روز سعودی عرب پہنچے تھے۔ وہ متحدہ عرب امارات اور قطر بھی جائیں گے۔

Comments are closed.