مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

ایگری بزنس مینجمنٹ کے طلباء کے لئے اورینٹیشن سیشن
علی گڑھ، 24 جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ایگریکلچرل اکنامکس اینڈ بزنس مینجمنٹ شعبہ نے ایم بی اے (ایگری بزنس مینجمنٹ) کے پہلے اور آخری سمسٹر کے طلباء کے لیے ایک اورینٹیشن پروگرام کا اہتمام کیا۔
جناب سعد حمید، ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) ، اے ایم یو نے موجودہ وقت میں کارپوریٹ دنیا میں بھرتی کے عمل کے مختلف مراحل اور اہم مسائل کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے طلباء کو بتایا کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور دلچسپی کے مطابق اپنے کیریئر کا انتخاب کیسے کریں اور اپنے کیریئر کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے خود کو کیسے تیار کریں۔
مسٹر سعد حمید نے روزگار کے قابل اور مارکیٹ کے لیے تیار ہونے کے لیے تعلیم کے علاوہ شخصیت کی نشوونما اور سافٹ اسکلز کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
صدر شعبہ پروفیسر صغیر انصاری نے مقرر خصوصی کا خیرمقدم کیا اور طلباء کی ترقی اور تقرری کے لیے ٹی پی او (جنرل) کو ہر طرح کی مدد فراہم کی۔
ڈاکٹر محمد شمس الزماں، فیکلٹی ممبر اور ٹی پی او، شعبہ ایگری بزنس مینجمنٹ نے شکریہ ادا کیا۔ آخر میں سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔
٭٭٭٭٭٭
اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) میں اسپورٹس ویک کا آغاز
علی گڑھ 24 جنوری: اے بی کے ہائی اسکول (بوائز)، اے ایم یو میں یوم جمہوریہ کی مناسبت سے 23 جنوری کو انٹر ہاؤس اسپورٹس ویک کا افتتاح کیا گیا۔
مہمان خصوصی، اے ایم یو رجسٹرار، مسٹر محمد عمران آئی پی ایس نے طلباء پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیں کیونکہ اس طرح کے مقابلوں میں ان کی شرکت سے نہ صرف ان کی شخصیت کی نشوونما میں مدد ملے گی بلکہ انہیں اخلاقیات اور اقدار کا سبق بھی سیکھنے کو ملتا ہے جس سے ٹیم اسپرٹ ، ڈسپلن اور صحت مند مقابلہ کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔
پروفیسر اسفر علی خان (ڈائریکٹر، اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو) اور پروفیسر قدسیہ تحسین (ڈپٹی ڈائریکٹر) مہمانان اعزازی کے طور پر شریک ہوئے۔ قبل ازیں پرنسپل ڈاکٹر ثمینہ نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
پہلے دن ٹگ آف وار، والی بال اور چھوٹے بچوں کی لیمن اسپون ریس سمیت کئی مقابلے منعقد ہوئے۔ ان مقابلوں میں گرین ہاؤس سرفہرست رہا۔ افتتاحی تقریب کی نظامت غوثیہ اقبال نے کی۔
٭٭٭٭٭٭
کیرئیر کاؤنسلنگ سیشن
علی گڑھ، 24 جنوری: اے ایم یو گرلز اسکول میں 10ویں اور 12ویں جماعت کی طالبات کے لیے رحمانی 30 کی ٹیم کے ذریعہ کیریئر کاؤنسلنگ سیشن کا اہتمام کیا گیا۔
رحمانی 30 کے جناب فہد رحمانی نے طلباء کو پڑھائی میں سبقت حاصل کرنے اوراعلیٰ ہدف طے کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کیریئر کے مختلف مواقع اور مسابقتی امتحانات کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔
پرنسپل مسز آمنہ ملک نے مہمان موصوف کا خیرمقدم کیا جبکہ عرشی ظفر خاں، وائس پرنسپل نے شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
غیر ملکی محققین نے شعبہ طبیعیات کا دورہ کیا
علی گڑھ 24 جنوری: ایچ ایس ایف -انڈیا اور نیشنل سائنس فاؤنڈیشن (امریکہ) سے امداد یافتہ پروجیکٹ کے ایک وفد نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ طبیعیات کا دورہ کیا۔
وفد نے ہائی انرجی فزکس اور متعلقہ شعبوں میں سافٹ ویئر کے فروغ پر اشتراک کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مذکورہ شعبوں میں مواقع کے حوالے سے فیکلٹی ممبران، ریسرچ اسکالرز اور پوسٹ گریجویٹ طلباء سے بات چیت بھی کی۔
وفد کے ارکان میں پروفیسر رافیل کوئلہو لوپس ڈی سا اور پروفیسر ورینا مارٹینز آؤٹشورن (یونیورسٹی آف میساچوسٹس، ایمہرسٹ) اور پروفیسر پیٹر ایلمر (پرنسٹن یونیورسٹی) شامل تھے۔ ایچ ایس ایف -انڈیا کے دیگر اراکین میں پروفیسر ڈیوڈ لانگ (پرنسٹن یونیورسٹی) اور پروفیسر ہیڈی شیلمین (اوریگون اسٹیٹ یونیورسٹی) تھے۔
پروفیسر آؤٹشورن نے دورے کے مقاصد پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ایس ایف -انڈیا کا مقصد ہندوستان، امریکہ اور یورپ میں باہمی تعاون کے نیٹ ورکس کو جوڑنا ہے، تاکہ اگلی نسل کے پارٹیکل، نیوکلیئر، اور ایسٹرو پارٹیکل فزکس کے تجربات کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے درکار بین الاقوامی تحقیقی سافٹ ویئر کے سلسلہ میں باہمی تعاون و اشتراک ہوسکے۔
پروفیسر محمد سجاد اطہر (چیئرپرسن، شعبہ فزکس) نے مہمانوں کا تعارف فیکلٹی ممبران اور محققین سے کروایا جو تعاون میں شامل ہونے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر نور عالم نے لارج ایون کولائڈر ایکسپریمنٹ، مصنوعی ذہانت، اور مشین لرننگ سے متعلق اپنے علمی تجربات بیان کئے۔ ڈاکٹر شمس الاسلام نے الائس ڈاٹا انالیسز، روبسٹ انڈیپنڈنٹ ویلیڈیشن آف ایکسپیریمنٹ اینڈ تھیوری انالیسز پر اپنے تحقیقی کام کا خلاصہ پیش کیا اور اس تعاون میں شامل ہونے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ محترمہ شائستہ خان نے الائس ڈاٹا کے تجزیہ سے متعلق اپنی جاری تحقیق اور سرن میں ہارڈویئر ڈیولپمنٹ سے متعلق اپنے تجربے پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر انوج چندرا نے گریپس -3 کے تجربے سے متعلق اپنا پی ایچ ڈی کا مقالہ پیش کیا اور کمپیکٹ موون سولینائیڈ (سی ایم ایس) اور الائس تجربات سے متعلق اپنی تحقیق کا ذکر کیا ۔
٭٭٭٭٭٭
مولانا آزاد لائبریری کو سید حسین کی کتابوں کا ذخیرہ عطیہ کیا گیا
علی گڑھ 24 جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی مولانا آزاد لائبریری کو ممتاز مجاہد آزادی اور صحافی سید حسین کی کتابوں اور ہاتھ سے لکھے ہوئے مضامین کانادر خزانہ عطیہ کیا گیا۔
سید حسین ایم اے او کالج کے سابق طالب علم ہونے کے ساتھ ساتھ مجاہد آزادی اور انگریزی کے معروف صحافی تھے۔ وہ تین براعظموں میں ایک صحافی کے طور پر جانے جاتے تھے اور انہوں نے کئی اخبارات اور رسائل کی ایڈیٹنگ بھی کی جن میں بمبئی کرانیکل (بمبئی)، انڈیپنڈنٹ (الہ آباد)، انڈیا (لندن)، یاد وطن، اور دی نیو اورینٹ (نیویارک) شامل ہیں۔
آٹھ کتابوں، ہاتھ سے لکھے ہوئے بیس مضامین اور دستاویزات کا مجموعہ یونیورسٹی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ کو پروفیسر شافع قدوائی (شعبہ ترسیل عامہ) نے سید حسین کے امریکہ میں مقیم بھتیجے جناب سید اقبال احمد کی جانب سے پیش کیا۔
مولانا آزاد لائبریری کے فریڈم موومنٹ سیکشن میں تاریخی دستاویزات کا یہ انمول خزانہ رکھا گیا ہے۔
پروفیسر شافع قدوائی نے بتایا کہ اس مجموعہ میں سید حسین کی تصنیف کردہ چار نایاب کتابیں شامل ہیں، جن میں سے دو کتابیں ’’گاندھی: دی سینٹ اینڈ اسٹیٹس مین‘‘ اور ’’گاندھی: آئی نیو ہِم ‘‘ مہاتما گاندھی پر ہیں۔
اس ذخیرے میں سید حسین کی تقریروں اور تحریروں کا ایک مجموعہ ’’ڈاکٹر سید حسین: اے گلمپس آف ہِز لائف ، اسپیچیز اینڈ رائٹنگز‘‘ بھی شامل ہے۔
سید حسین ایم اے او کالج کے ممتاز سابق طالب علم تھے اور انہوں نے اپنی قوم پرست صحافت کے ذریعے جدوجہد آزادی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ ہوم رول لیگ کے ایک اہم رکن تھے اور خلافت اور عدم تعاون کی تحریک میں انھوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
پروفیسر نشاط فاطمہ نے اس قیمتی تحفے کے لیے سید اقبال احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے 75ویں سال میں یہ ان کی طرف سے گرانقدر تحفہ ہے۔
٭٭٭٭٭٭
ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ہال میں روڈ سیفٹی بیداری پروگرام
علی گڑھ، 24 جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ہال میں روڈ سیفٹی بیداری پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں لاء فیکلٹی کے تقریباً 250 طلباء نے حصہ لیا۔
مہمان خصوصی مسٹر مکیش چندر ا گوتم، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ٹریفک) علی گڑھ نے کہا کہ سڑک حادثات سے تحفظ میں ڈرائیور کا رول بہت اہم ہوتا ہے۔ تقریباً 85 فیصد حادثات ڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے ہوتے ہیں جس میں تیز رفتاری اور غلط ڈرائیونگ شامل ہیں۔ ہم ٹریفک قوانین پر عمل کرکے اور محدود رفتار سے گاڑی چلا کر سڑک حادثات سے بچ سکتے ہیں۔
مہمان اعزازی جناب فرید الدین، ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر، علی گڑھ نے ہیلمٹ کی اہمیت کے بارے میں بتایا کہ سڑک حادثے میں سر کی چوٹ جان لیوا ہوتی ہے۔ اس لیے تمام دو پہیہ گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو چاہیے کہ وہ آئی ایس آئی مارک کا ہیلمٹ پہنیں ۔ اگر ہیلمٹ پرانا ہو یا گرنے کے بعد پھٹا ہو تو اسے تبدیل کرنا چاہیے۔ دو پہیہ گاڑی پر ڈرائیور سمیت دو سے زیادہ مسافروں کو نہیں بیٹھنا چاہیے۔ چار پہیہ گاڑی میں ڈرائیور اور اس کے ساتھ بیٹھے شخص کے لیے سیٹ بیلٹ کا استعمال کرنا بہت ضروری ہے، کیونکہ اگر سیٹ بیلٹ لگی ہوتی ہے تو حادثے کی صورت میں ایئر بیگ کھلتے ہیں اور ہمیں محفوظ رکھتے ہیں۔
ٹریفک انسپکٹر ونے ساگر شکلا نے پروگرام میں بتایا کہ موٹر وہیکل ڈرائیونگ ریگولیشن 2017 میں ڈرائیور کی ذمہ داریوں، اوور ٹیکنگ سے متعلق قوانین، محفوظ لین ڈرائیونگ وغیرہ سے متعلق کچھ نئی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ہائی وے پر گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھنے وغیرہ کے حوالے سے معلومات دی گئیں۔
پروفیسر حشمت علی خاں (پرووسٹ، امبیڈکر ہال) نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور طلباء کو ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرنے کا مشورہ دیا۔
پروگرام میں ٹریفک کنٹرول میں بہترین تعاون کے لیے مسٹر اروند کمار، مسٹر ایم شجاع الدین اور مسٹر جتیندر (سبھی ٹریفک ہیڈ کانسٹیبل) کو یادگاری نشانات پیش کئے گئے ۔ پروگرام کا اہتمام عادل جواہر، صدر پروجیکٹ امید ویلفیئر فاؤنڈیشن اور مسٹر کیف حسن، جوائنٹ سینئر ہال، امبیڈکر ہال نے کیا تھا۔
٭٭٭٭٭٭
Comments are closed.