’بہار میں بی جے پی کی ہر سازش ناکام ہوگی ‘

دوگھرا میں سابق مکھیا نور عالم کی رہائش گاہ پر ایم ایل سی قاری صہیب کا اظہار خیال
دربھنگہ۔ ۲۴؍جنوری: (محمد رفیع ساگر) ریاست میں عظیم اتحاد کی حکومت میں انصاف کے ساتھ ہمہ جہت ترقی ہورہی ہے یہی وجہ ہے کہ این ڈی اے کے اندر کافی گھبراہٹ ہے۔ وزیر اعلی نتیش کمار اور نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو کی قیادت میں ریاست میں جس طرح کے کام ہورہے ہیں اس کی عوام میں کافی پذیرائی ہورہی ہے۔مذکورہ باتیں یوتھ آرجےڈی کے صوبائی صدر و ایم ایل سی قاری صہیب نے مقامی بلاک کے دوگھرا میں سابق مکھیا نور عالم کی رہائش گاہ پر منعقدہ استقبالیہ تقریب میں کہیں۔اس دوران باجپٹی کے رکن اسمبلی مکیش کمار ،بوکھڑا کے سابق نائب پرمکھ آفتاب عالم منٹو اور جالے بلاک کانگریس کے کارگزار صدر عامراقبال بھی موجود تھے۔قاری صہیب نے کہا کہ مسلمانوں سے جڑا کوئی معاملہ ہویا پھر نظم و نسق کی بحالی کا مسئلہ ریاستی حکومت ہرمحاذ پر پوری ایمانداری کے ساتھ کام کررہی ہے۔جبکہ اس کے برعکس مرکزی اور بی جے پی کی قیادت والی ریاستی سرکاریں ملک کے مختلف علاقوں میں غریب اور پسماندہ لوگوں کے ساتھ مسلسل ناانصافی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں نفرت کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے جس سے حالات دن بدن بگڑ رہے ہیں۔ایسے میں ضرورت اس بات کی ہے کہ محبت کا ماحول پیدا کرکے ترقیاتی کاموں میں دلچسپی لی جائے۔قاری صہیب نے کہا کہ ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر ملک میں جاری کھیل کافی خطرناک شکل اختیار کرتا جارہا ہے اسے روکنے کے لئے عظیم اتحاد کی سرکار عوام کو ساتھ لیکر چل رہی ہے یہی وجہ ہے کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں بہار سے این ڈی اے کا صفایا ہوجائے گا اور ریاست میں بی جے پی کی ہرسازش ناکام ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کے دلوں کو جوڑنے کے لیے ظلم کے خلاف محبت کی باتیں کرنے میں مصروف ہیں، جب لوگ نفرت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے تب سارا مسئلہ حل ہوجائے گا۔اسی طرح باجپٹی کے ممبراسمبلی مکیش کمار نے کہا کہ انہوں نے جالے میں خود کو کبھی تنہا نہیں پایا ۔جس طرح لوگوں سے انہیں بھرپور پیار مل رہا ہے وہ ان کی اچھی سوچ کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک ممکن ہوپاتا ہے وہ اپنے ترقیاتی فنڈ کا استعمال بلا تفریق کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حساس قبرستانوں کی حصاربندی کا کام بھی جنگی پیمانے پر چل رہا ہے۔سڑک ،پل پلیا اور سرکاری عمارتوں کی تعمیراتی کام میں وہ رکارڈ بنا رہے ہیں۔جبکہ سابق مکھیا نور عالم نے کہا کہ وہ اپنے علاقے میں انصاف کے ساتھ ترقیاتی کاموں کو انجام دینے والوں کی قدر کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کا اپنے گھر پہ شاندار طور پر استقبال کررہا ہوں۔اس موقع پر ماسٹر جوہی ،مختار انصاری ، حاجی صابر انصاری ،کانگریس لیڈر محمد نوشاد،قاضی بہیڑہ کے سابق مکھیا مہیش ساہ ، یوتھ آرجےڈی کے بلاک صدر محمد ریاض ،محمد کیفی ،کلام خان اور شیو شنکر یادو سمیت کبھی سماجی اور سیاسی لیڈر موجود تھے۔

Comments are closed.