پولیس اور پی ایل ایف آئی کے درمیان تصادم

 

آدھے گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ایریا کمانڈر ہلاک

رانچی۔ ۲۴؍ جنوری: ٹھاکرگاؤں تھانہ علاقہ کے مرلا ٹولی میں پیر کی دیر رات پولیس اور پی ایل ایف آئی کے انتہا پسندوں کے درمیان تصادم ہوا۔ آدھے گھنٹے تک چلی فائرنگ کے تبادلے میں پی ایل ایف آئی کا علاقہ کمانڈر وشال ساہو مارا گیا۔ وشال بڑھمو، ٹھاکرگاؤں اور دیگر علاقوں میں سرگرم تھا۔ اس پر 12 سے زائد مقدمات درج تھے۔پی ایل ایف آئی کے ایریا کمانڈر وشال ساہو اپنے دستے کے ساتھ پیر کی رات ٹھاکرگاؤں علاقے میں ایک تاجر سے لیوی وصول کرنے پہنچا تھا۔ ایس ایس پی کشور کوشل کو اس کی اطلاع ملی۔ اس کے بعد ایس ایس پی نے ایک ٹیم تشکیل دی۔ تشکیل دی گئی ٹیم میں ٹھاکرگاؤں، بڑھمو تھانے کی پولیس، کیو آر ٹی اور جھارکھنڈ جاگوار کے جوان شامل تھے۔مرلا ٹولی میں پہلے سے موجود پی ایل ایف آئی کے انتہا پسندوں نے پولیس ٹیم کو دیکھ کر فائرنگ شروع کردی۔ جوابی کارروائی کے دوران پولیس کی جانب سے گولی چلائی گئی۔ پولیس کی گولی سے ایریا کمانڈر وشال موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ پولیس کو بھاری پڑتا دیکھ کر وشال کے دستے میں شامل انتہا پسند جنگل کی طرف بھاگ گئے۔ پولیس نے موقع سے اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔

Comments are closed.