بہار کے مدارس میں بہتر تعلیم و تربیت کے لئے اصلاحی اقدامات کئے جائیں
مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا قاری شبیر سے تبادلۂ خیال
دربھنگہ۔ ۱۴؍ فروری (محمد رفیع ساگر) بہار میں قائم مدارس اسلامیہ نے ہمیشہ سے دین کی اشاعت اور اس کے فروغ کے لیے کوشش کی ہے، یہی وجہ ہے کہ بہار میں باصلاحیت اور دین کے فروغ کے لیے کوشش کرنے والے علماء کی بڑی تعداد موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملک کے عظیم فقیہ، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سیکرٹری، عالمی شہرت یافتہ عالم دین مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے مدرسہ اسلامیہ شکرپور بھرواڑہ کے صاحب بصیرت اور بالغ نظر ناظم قاری شبیر سے ایک علمی ملاقات کے دوران کیا۔ مولانا رحمانی نے بہار کے مدارس کے موجودہ تعلیمی انحطاط پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے ذمہ داروں کو پوری قوت اور سنجیدہ فکر کے ساتھ متوجہ ہونے کی ضرورت ہے تاکہ مدارس کے تعلیمی نظام میں اصلاح ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی ایک لمحۂ فکریہ ہے کہ بہار کے مدارس کی شروعات اچھے انداز سے ہوتی ہے، لیکن بعد میں چل کر وہ زوال کا شکار ہو جاتی ہے۔ اخیر میں مولانا رحمانی نے بہار میں قائم بعض مدارس کی تعلیمی و تربیتی نظام کو سراہتے ہوئے مدرسہ اسلامیہ شکرپور بھروارہ کے ذریعے پورے ملک کے بچوں کی حوصلہ مند اساتذہ کے ذریعے نمایاں تعلیم و تربیت پر خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر مولانا مظفر حسن رحمانی (معتمد امور عامہ دارالعلوم سبیل الفلاح جالے)، مولانا غلام ربانی، المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کے شعبۂ فقہ کے طالب علم محمد عمر فاروق قاسمی وغیرہ بھی موجود تھے۔
Comments are closed.