تاریخی سہ روزہ اجلاس معراج النبیﷺ کا آغاز آج سے

کثیر تعداد میں مع احباب شرکت کی اپیل

کانپور:۔ حضرت محمد مصطفیﷺ کا تاریخی سفر معراج قرآن و حدیث کے دلائل سے ثابت شدہ ہے لیکن بعض عقل پرست لوگ شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں ان کے شکوک و شبہات کو دورکرنے، غلط فہمیوں کا ازالہ کرنے اور قرآن و سنت و آثار صحابہؓ سے اس واقعہ کو ثابت کرنے کے لئے جمعیۃ علماء شہر کانپور کی جانب سے گزشتہ ایک صدی سے سہ روزہ اجلاس معراج النبیؐ رجب کے مہینہ میں منعقد کئے جاتے ہیں۔ سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی یہ اجلاس مورخہ27، 28،29/رجب المرجب 1444ھ؁ مطابق 17،18،19/فروری2023ء؁  بروز جمعہ،سنیچر، اتوار شہر کے مشہور میدان رجبی گراؤنڈ پریڈ میں منعقد ہورہے ہیں۔ جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور نے فرمایا کہ آج سے شروع ہو رہے ان اجلاس میں ضیغم اسلام حضرت الحاج مولانا مفتی محمد راشد صاحب اعظمی قاسمی مدظلہ استاذ حدیث دار العلوم دیوبند، پیر طریقت حضرت الحاج مولانا مفتی عبد الرحمن صاحب نقشبندی استاذ حدیث جامعہ قاسمیہ مدرسہ شاہی مراد آباد، بزرگ عالم دین حضرت الحاج مولانا اسلام الحق اسجد صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء وسطی اتر پردیش و مہتمم ادارہ محمودیہ قصبہ محمدی ضلع لکھیم پورکے علاوہ مقامی علمائے کرام میں واعظ خوش بیاں حضرت الحاج مولانا خلیل احمد صاحب مظاہری امام و خطیب جامع مسجد لال بنگلہ ودیگرعلماء تشریف لا رہے ہیں۔ اجلاس کے تیسرے روز 1:30بجے دن میں خواتین کا خصوصی جلسہ ہوگا۔جس میں پردہ کا معقول انتظام رہے گا اسی دن بعد نماز عشاء مشاعرہ نعت ومدح صحابہؓ منعقدکیا جائے گا۔ جس میں شہر وبیرون شہر کے مقبول اور منتخب شعراء شرکت فرمائیں گے۔ مولانا نے اپیل کی ہے کہ سبھی لوگ تینوں دن خود بھی مع احباب شرکت فرمائیں اور خواتین کے اجلاس میں اپنے گھر کی عورتوں کو ضرور بھیجیں۔دینی ماحول کو بہتر بنانے میں خواتین کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے۔ اس حقیقت کو سمجھیں اور اپنے بچوں کی بہترین تربیت کیلئے خواتین کو بیدار کریں۔ خواتین کو دینی باتوں سے واقف کرانا وقت اور حالات کاتقاضہ ہے۔

Comments are closed.