مرکز علم و دانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

اے ایم یو کے شعبہ اقتصادیات نے دیہی صحت تربیتی مرکز، جواں کے تعلیمی دورہ کا اہتمام کیا
علی گڑھ، 13 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ اقتصادیات نے بی اے ششم سمسٹر کے تحت ووکیشنل کورس کر نے والے طلبہ کے لئے شعبہ کمیونٹی میڈیسن، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے تحت قائم دیہی صحت تربیتی مرکز (آر ایچ ٹی سی)، جواں کے ایک تعلیمی دورہ کا اہتمام کیا، جس کا مقصد انھیں دیہی صحت خدمات میں درپیش حقیقی چیلنجز سے روبرو کرانا تھا۔
یہ دورہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق منعقد کیا گیا، جو عملی اور تجرباتی تعلیم پر زور دیتی ہے۔ اس موقع پر طلبہ کو ڈاکٹروں، مریضوں اور میڈیکل انٹرنز سے ملاقات کا موقع ملا۔ طلبہ نے صحت کے ڈھانچے کا مشاہدہ کیا، اور یہ سمجھنے کی کوشش کی کہ دیہی علاقوں میں بنیادی طبی سہولیات کو مستحکم کرنے میں آر ایچ ٹی سی کا کیا کردار ہے۔ طلبہ نے آر ایچ ٹی سی کے نظام کار اور طبی تربیت و فلاحی خدمات کے ذریعے ہمہ گیر قومی ترقی میں اس کے کردار کے بارے میں اہم معلومات حاصل کیں۔ اس دورے میں پروفیسر نثار احمد خاں، صدر شعبہ پروفیسر شہروز عالم رضوی، پروفیسر ایس ایم جاوید اختر، پروفیسر محمد آصف، پروفیسر محمد اعظم خاں، اور ڈاکٹر شیرین رئیس (کورس ٹیچر) نے شرکت کی اور طلبہ کی بھرپور رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی۔ اساتذہ نے مریضوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں مختلف سرکاری طبی اسکیموں اور فلاحی پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی۔
پروفیسر شہروز عالم رضوی نے فیلڈ پر مبنی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا جو طلبہ میں تنقیدی فکر اور سماجی و معاشی مسائل کی عملی سمجھ پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے دورے میں معاونت و رہنمائی پر ڈاکٹر ثمینہ احمد (اسسٹنٹ پروفیسر) اور ڈاکٹر کارتیکا پی (سینیئر ریزیڈنٹ) کا شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے پروفیسر محمد اطہر انصاری اور پروفیسر عظمیٰ ارم (چیئرپرسن) کی خدمات کو بھی سراہا جن کی بدولت یہ دورہ ممکن ہوا۔
یہ دورہ پروفیسر شہروز عالم رضوی کی سرپرستی میں منعقد ہوا اور ڈاکٹر شیرین رئیس نے رابطہ کاری کی فرائض انجام دئے۔
………………………………………
صبیرا حارث نے قبرص میں مکسڈ ڈبلز شوٹنگ میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کانسہ کا تمغہ جیتا
علی گڑھ، 13 مئی: ہندوستانی نشانے باز جوڑی، صبیرا حارث جو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں بارہویں جماعت کی طالبہ ہیں اور کیانن نے قبرص میں منعقدہ بین الاقوامی شاٹ گن مقابلے میں کانسہ کا تمغہ حاصل کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ دونوں کھلاڑیوں نے جرمنی میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
75 ہدف والے میچ میں صبیرا حارث نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 75 میں سے 72 اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جب کہ کینان نے 70/75 کا قابل تحسین اسکور حاصل کیا۔ چین کی ٹیم کے خلاف ایک سنسنی خیز شوٹ آف میں ہندوستانی جوڑی نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے ملک کے لیے کانسہ کا تمغہ جیتا۔ یہ زبردست کامیابی دونوں نشانے بازوں کے کریئر میں ایک اہم سنگ میل ہے، خاص طور پر صبیرا حارث کے لیے، جنہوں نے بہت کم وقت میں نشانے بازی کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور اب قومی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہی ہیں۔ ساتھ ہی وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لیے بھی فخر کا باعث بنی ہیں۔ وہ 19 مئی سے جرمنی میں شروع ہونے والے آئی ایس ایس ایف جونیئر ورلڈ کپ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گی۔
………………………………………
اے ایم یو کے سرسید ہال ساؤتھ میں قومی تعلیمی پالیسی 2020 اور ہنر فروغ پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد
علی گڑھ، 13 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سر سید ہال (ساؤتھ) میں ’خود روزگار کے لیے تعلیمی تبدیلی: قومی تعلیمی پالیسی 2020 اور ہنر کا فروغ‘ عنوان پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد کی گئی، جس میں طلبہ، اساتذہ اور مدعو مہمانوں سمیت 100 سے زائد شرکاء نے حصہ لیا۔
اس پروگرام کا مقصد قومی تعلیمی پالیسی 2020 کی ان انقلابی شقوں کے سلسلہ میں معلومات فراہم کرنا تھا جو ہنر مندی، روزگار پر مبنی تعلیم، کاروباری ذہن سازی، اور”وِکست بھارت ایٹ 2047“اقدام کے تحت خود کفالت کے تصور کو فروغ دیتی ہیں۔
استقبالیہ خطاب سر سید ہال (ساؤتھ) کے پروووسٹ ڈاکٹر عبدالرؤف نے کیا۔ انہوں نے تعلیم میں اصلاحات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور نوجوانوں کو خود روزگار کے لیے عملی مہارتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
کلیدی خطبہ ڈاکٹر اجے وردھن اچاریہ، علاقائی ڈائریکٹر، اگنو، علی گڑھ ریجنل سینٹرنے پیش کیا۔ انہوں نے این ای پی 2020 کی پیشہ ورانہ تربیت اور عملی تجربہ پر مبنی تعلیم سے متعلق اہم دفعات کی وضاحت کی اور ان پالیسیوں کے کامیاب اطلاق کی عملی مثالیں پیش کیں جو کاروبار اور روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہیں۔
اس کے بعد ایک دلچسپ انٹرایکٹیو سیشن ہوا، جس کی نظامت ڈاکٹر امتیاز احمد نے کی۔ اس نشست میں شرکاء نے قومی تعلیمی پالیسی کے نفاذ اور ہنر پر مبنی تعلیم سے متعلق چیلنجوں اور مواقع پر گفتگو کی۔
آخر میں جنرل وارڈن ڈاکٹر عبدالعزیز خان نے تمام شرکاء، مقررین اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خاص طور پر سینئر ہال اور پروگرام کے کوآرڈینیٹرو کنوینر جناب محمد عبید کی تنظیمی صلاحیتوں کو سراہا۔
………………………………………
عبداللہ اسکول میں پروفیسر اختر ظہیر رضوی میموریل فیسٹیول کے تحت کوئز مقابلے کا انعقاد
علی گڑھ، 13 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے عبداللہ اسکول نے پروفیسر اختر ظہیر رضوی میموریل فیسٹیول کے بارہویں ایڈیشن کے تحت ایک کوئز مقابلہ منعقد کیا۔ اس میں چوتھے اور پانچویں جماعت کے طلبہ نے شرکت کی اور جنرل نالج اور حالات حاضرہ کے موضوعات پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ تحریری کوئز میں پچاس سے زائد طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
اسکول کی سپرنٹنڈنٹ محترمہ عمرہ ظہیر نے بچوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی شرکت ہی ان کی محنت اور لگن کا ثبوت ہے۔
پروگرام کے انعقاد میں سارہ صدیقی اور نندنی شرما نے اہم کردار ادا کیا۔
………………………………………
اے ایم یو کے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ہال میں تین روزہ ”جسٹیسیا 7.0“ میں طلبہ نے ثقافتی و ادبی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا
علی گڑھ، 13 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ہال میں تین روزہ ادبی و ثقافتی فیسٹیول ”جسٹیسیا 7.0“ کامیابی کے ساتھ تکمیل کو پہنچا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ یہ فیسٹیول اے ایم یو کی تہذیبی عظمت اور فکری توانائی کا مظہر ہے اور شرکت و انتظامات سے لے کر روایات اور جدت تک ہر پہلو سے یہ شاندار رہا۔
اے ایم یو کے پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر رفیع الدین، پرووسٹ پروفیسر محمد طارق،انسپکٹر کرائم، علی گڑھ مسٹرسبودھ کمار اپادھیائے، اور جنرل وارڈن پروفیسر ظفر احمد خاں نے بھی طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔
مہمانان گرامی کو بیجز لگائے گئے، جبکہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ہال کے وارڈن کو خاص طور پر سراہا گیا۔
پرووسٹ پروفیسر محمد طارق کی سرپرستی میں منعقد ہونے والا یہ فیسٹیول ادب، ثقافت اور قانونی شعور کو فروغ دینے کا اہم پلیٹ فارم ثابت ہوا، جس میں طلبہ، اساتذہ، اور معزز مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے منتظمین کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں، خاص طور پر کلچرل سکریٹری احتشام قاسمی اور لٹریری سکریٹری محمد فیض وقار کو ان کی محنت، تخلیقی صلاحیت اور قیادت کے لیے سراہا گیا۔ مہمان خصوصی اور ڈی ایس ڈبلیو نے مختلف مقابلوں کے ججوں کو اعزازات سے نوازا۔
تقریبات کا آغاز لاء کوئز سے ہوا، جس میں 60 سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ اس کے بعد مضمون نویسی، فی البدیہ تقریر، اور قرأت کے مقابلے منعقد ہوئے۔
بیت بازی، جنرل کوئز، نظم خوانی، اسپیل بی، مضمون نویسی، خوش خطی، قرأت اور فی البدیہہ تقریری مقابلوں کے کامیاب طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ اوپن مائیک سیشن نے طلبہ کو موسیقی، مزاح، شاعری، اور کہانی گوئی کے ذریعے اپنے خیالات کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کیا۔
”جسٹیسیا7.0“ کا اختتام صوفیانہ شام کے ساتھ ہوا، جس میں روح پرور نغموں اور وجد آفریں دھنوں نے تین روزہ فیسٹیول کو یادگاری بنادیا۔
………………………………………
اے ایم یو کے بیگم سلطان جہاں ہال میں سالانہ ہال تقریب کا انعقاد، وائس چانسلر نے طالبات کی حوصلہ افزائی کی
علی گڑھ، 13 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے بیگم سلطان جہاں (بی ایس جے) ہال کی طالبات کی علمی، ہم نصابی اور ہمہ جہت کامیابیوں کو سراہتے ہوئے سالانہ ہال ڈنرتقریب کے موقع پر ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اے ایم یو کی اقدار کو اپناتے ہوئے تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے کر اپنی شخصیت کو نکھاریں۔
پروفیسر نعیمہ خاتون نے بطور مہمان خصوصی، ہال کی سالانہ میگزین اوڈیسی 2025 کی رونمائی بھی کی۔ ایڈیٹر مس لما تاج نے میگزین کو مرتب و ڈیزائن کیا ہے۔ ساتھ ہی، بیگم سلطان جہاں میموریل ویمنز انٹر ہال والی بال ٹورنامنٹ کی ٹرافیوں کی بھی رونمائی کی گئی۔ اس ٹورنامنٹ میں بی ایس جے ہال نے کامیابی حاصل کی، جبکہ بیگم عزیز النساء ہال رنر اپ رہا۔
تقریب میں مہمان اعزازی کے طور پر موجود پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان اور ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر رفیع الدین نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ہال انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی۔
اس سے قبل تقریب کا آغاز مس ہانیہ خان کی استقبالیہ تقریر سے ہوا۔ انہوں نے ہال کی شاندار روایات پر روشنی ڈالی اور سر سید احمد خاں اور شیخ محمد عبداللہ جیسے بانیان کے وژن کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مس بسمہ زیدی نے قرآن پاک کی چند آیات کی تلاوت کی، جس کا ترجمہ مس حفصہ بانو نے پیش کیا۔
تقریب کے ثقافتی حصے میں دل کو چھو لینے والی پیشکش دیکھنے کو ملی۔ مس شزا اشفاق اور سینئر ہال مانیٹر مس بشریٰ امام کی پیشکش کو حاضرین نے بیحد سراہا۔
ہال کے عملہ کے اراکین بشمول کچن، دفتر، مرمت و دیکھ بھال، اور سیکیورٹی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان میں تحائف تقسیم کیے گئے۔ سال بھر مختلف ذمہ داریاں انجام دینے والے ڈسپلن، ادبی، ثقافتی اور اسپورٹس کمیٹی کی اراکین اور رضاکاروں کو بھی سراہا گیا۔
………………………………………
اے ایم یو کے اسکولوں کے لیے گرمیوں کی تعطیلات کا شیڈول جاری
علی گڑھ، 13 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے اپنے اسکولوں کے طلبہ اور تدریسی عملے کے لیے گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر برائے اسکول ایجوکیشن، پروفیسر اسفر علی خان کی جانب سے جاری اطلاع کے مطابق،دوسری جماعت کے طلبہ کے لیے تعطیلات کا آغاز 20 مئی 2025سے ہوگا، جبکہ پانچویں جماعت کے طلبہ کی چھٹیاں 26 مئی 2025 سے شروع ہوں گی۔ دسویں اور بارہویں جماعت (ریگولر) کے طلبہ کے لیے تعطیلات5 جون 2025سے شروع ہوں گی، جب کہ بارہویں جماعت (ایس ایف ایس اسکیم) کے طلبہ 16 جون 2025 سے تعطیلات پر جائیں گے۔ سبھی درج بالا درجات کے لیے گرمیوں کی تعطیلات 14 جولائی 2025کو ختم ہوں گی۔
اس کے علاوہ، اے ایم یو کے اسکولوں کے اساتذہ کے لیے40 دن کی گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے، جو 5 جون سے 14 جولائی 2025 تک رہیں گی۔
چونکہ موسم گرما کی تعطیلات کی مدت میں کمی کی گئی ہے، لہٰذا تمام اساتذہ کو 10 دن کی لازمی ڈیوٹی انجام دینا ہوگی، جس کے عوض انھیں ارنڈ لیو (ای ایل) دی جائے گی۔ علاوہ ازیں، بارہویں جماعت (ایس ایف ایس) کے اساتذہ کو 14 جون 2025 تک 20 دن لازمی طور پر اسکول میں تدریسی خدمات انجام دینی ہوں گی تاکہ ان طلبہ کو تعلیمی معاونت فراہم کی جا سکے۔
Comments are closed.