پٹنہ میں کانپور جیسا واقعہ، تجاوزات ہٹانے کے خلاف دو دکانداروں کی خودکشی کی کوشش

پٹنہ۔۱۶؍ فروری: بہار کے پٹنہ میں کانپور دیہات جیسا واقعہ سامنے آیا ہے ۔ جائے وقوع پر افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ جس طرح کانپور میں جلنے سے ماں بیٹی کی موت ہوگئی ، اسی طرح پٹنہ میں تجاوزات ہٹا نے کے دوران دو دکانداروں نے خود کشی کی کوشش کی ، جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ معاملہ ضلع کے پٹنہ سیٹی کے عالم گنج تھانہ علاقہ کے مہدی گنج گمتی سے متعلق ہے۔ جہاں ریلوے پولیس تجاوزات ہٹانےکے لئے پہنچی تھی۔ اس دوران دو لوگوں نے خود کشی کی کوشش کی۔عالم گنج تھانہ علاقہ کے مہدی گنج گمٹی کے قریب ریل پولیس جبراً دکان خالی کرانے پہنچی تھی۔ جس کو لیکر مقامی دکانداروں نے احتجاج شروع کر دیا۔ اس سے پہلے تمام دکاندار اور مقامی لوگ دھرنے پر بیٹھے تھے اور پرامن احتجاج کر رہے تھے۔ جب ریلوے پولیس نفری کے ساتھ پہنچی تو لوگوں نے احتجاج شروع کردیا۔ ریلوے پولیس زبردستی دکان میں داخل ہوئی اور اسے خالی کرنا شروع کر دیا۔ جے سی بی سے دکان کو گرانے کا منصوبہ بھی تھا۔ جس پر لوگوں نے بہت احتجاج کیا لیکن پولیس ماننے کو تیار نہیں تھی۔جب پولیس نے زبردستی دکان کو خالی کرنا شروع کیا تو دو افراد نے دکان خالی دیکھ کر خودکشی کی کوشش کی۔ آگ لگتے ہی موقع پر کہرام مچ گیا۔ موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ کسی طرح آگ بجھائی گئی لیکن پولیس کھڑی دیکھتی رہی۔ واقعہ پر لوگوں میں مشتعل ہونے پر پولیس موقع سے فرارہو گئی۔ جس کے بعد مقامی لوگوں نے فوری طور پر متاثرہ کو اسپتال میں داخل کرایا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ زمین ہماری ہے۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زمین ریلوے کی ہے۔ اس وقت دکاندار کی حالت تشویشناک ہے۔ جس کا علاج کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.