گائے کے تحفظ کی آڑ میں انسانوں کا قتل بند کریں : ایس ڈی پی آئی

 

نئی دہلی۔ (پریس ریلیز)۔ ہریانہ کے بھوانی ضلع میں مبینہ طور پر بجرنگ دل کے ارکان کے ذریعہ جنید اور ناصر کے وحشیانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا نے تمام مجرموں کی فوری گرفتاری اور سزا کا مطالبہ کیا ہے۔ اس ضمن میں جاری کردہ ایک اخباری بیان میں ایس ڈی پی آئی کے قومی نائب صدر محمد شفیع نے کہا ہے کہ راجستھان کے بھرت پور سے تعلق رکھنے والے د و دوستوں کی جلی ہوئی لاشوں کے ملنے کے بعد ریاست اور پورا ملک صدمے میں ہے۔ یہ قتل کا ایک واضح کیس ہے جو موقع پر موجود لوگوں کے بیانات سے واضح ہے۔ اس چونکا دینے والے قتل کے مجرموں کا تعلق انتہا پسندہندوتواوادی تنظیم بجرنگ دل سے ہے، جو گائے کے تحفظ کے بہانے لوگوں کو چن چن کر نشانہ بنارہی ہے۔ ایس ڈی پی آئی قومی نائب صدر محمد شفیع نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ مجرموں کو گرفتار کرے اوراس طرح کے قتل کے پیچھے دیگر افراد کی بھی تفتیش اور شناخت کرے۔ محمد شفیع نے مزید کہا ہے کہ ملک میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں ہے۔ لہذا، اس دوہرے قتل میں ملوث تمام افراد کو سزا دی جائے۔ ایس ڈی پی آئی لیڈر نے بجرنگ دل اور وشو ہند پریشد کے لیڈروں کی ایسے مجرموں کا بے شرمی سے دفاع کرنے کی بھی سخت مذمت کی ہے۔

Comments are closed.