جہیز کے لئے 22 سالہ حاملہ خاتون کا قتل

 

لاش باغیچے سے برآمد، مقتولہ کے شیر خوار بچے سمیت ملزمین فرار

دربھنگہ۔ ۱۸؍ فروری(محمد رفیع ساگر) سکت پور تھانہ علاقہ کے سکت پور بازار میں جہیز کا مطالبہ پورا نہیں کئے جانے پر ایک 22 سالہ شادی شدہ حاملہ خاتون کے قتل کا معاملہ سامنے آیا ہے۔مقتولہ دلیپ دھنکار، نرملی ضلع سپول رہائشی دلیپ دھنکار کی بیٹی گڑیا کماری بتائی گئی ہے۔سسرال والوں پر الزام ہے کہ قتل کے بعد لاش چھپانے کی کوشش کی گئی۔اطلاع پر گڑیا کے رشتہ دار پہنچ گئے اور سکت پور تھانے کی مدد سے گاؤں کے ہی راماشنکر سنگھ کے باغ سے گڑھا کھود کر لاش نکالی۔ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایم سی ایچ بھیج دیا ہے۔ اس سلسلے میں گڑیا کے والد دلیپ دھنکار نے سکت پور تھانے میں درخواست دی ہے جس میں یہ الزام لگایا ہے کہ اس کی بیٹی گڑیا کماری کی شادی ہندو رسم و رواج کے مطابق سکت پور بازار رہائشی بھورکھا دھنکار کے لڑکے ساون دھنکار کے ساتھ کی تھی۔جو کچھ ممکن تھا، ہم نے جہیز میں دیا۔شادی کے چند روز بعد جہیز کے لئے وہ میری بیٹی کو مارنا پیٹنا شروع کردیا۔سسرال والے 4 بھر سونا اور پچاس ہزار روپے جہیز کے طور پر لانے کے لیے دباؤ ڈالتے تھے۔ جمعہ کی صبح میرے داماد نے فون کیا اور کہا کہ آپ کی بیٹی کی طبیعت خراب ہے۔ کچھ دیر بعد میں نے پھر فون کیا اور بتایا کہ آپ کی بیٹی کا انتقال ہو گیا ہے۔ جب ہم یہاں پہنچے تو گھر میں کوئی نہیں تھا۔ لوگوں نے بتایا کہ وہ رات ہی میں مر گئی۔ لاش کو کہیں لے گئے ہیں۔پولیس کی مدد سے گاؤں کے ہی ایک باغ سے لاش برآمد ہوئی۔ اس سلسلے میں گڑیا کے والد دلیپ دھنکارنے ایف آئی آر میں داماد ساون دھنکر، سسر بھورکھا دھنکر، شنکر دھنکار، پون دھنکار والد بھوٹا دھنکار، چندرا دیوی شوہر پون دھنکار سبھی سکت پور ضلع دربھنگہ اور راجو دھنکار ولد وجے دھنکار، آشا دیوی کے شوہر راجو دھنکار دونوں کملا باڑی جئے نگر مدھوبنی سمیت کل 16 لوگوں کو نامزد کیا ہے۔ سکت پور تھانہ صدر کشور کنال جھا نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ اور مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔ تمام ملزمین مفرور بتائے جاتے ہیں۔گڑیا کے پاس ایک ڈیڑھ سال کی شیر خوار بچی بھی ہے جسے لیکر ملزمین کہیں غائب ہیں۔تھانہ انچارج کشورکنال نے بتایا کہ ممکنہ ٹھکانوں پر لگاتار چھاپہ ماری جاری ہے۔

Comments are closed.