ہندایران- علمی وثقافتی تعلقات کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے:پروفیسر اقتدار محمد خان

ہندایران کی جامعات کے درمیان علمی روابط کومستحکم کیا جائے:پروفیسر محمد اسحق
حوزہ علمیہ، قم میں دینی وعصری دونوں تعلیم کا اہتمام کیا جاتا ہے:ڈاکٹر محمد علی زادے نوری
نئی دہلی:۱۷؍مارچ(پریس ریلیز)
’’ہند-ایران کے علمی،ثقافتی،ادبی اورمذہبی تعلقات کئی صدیوں پر مشتمل ہیں اور ایران نے ہمیں اسلامی اقدارکے علاوہ اسلامی جمہوریت کے جدید تصورسے بھی روشناس کرایا ہے۔‘‘ان خیالات کا اظہار پروفیسر اقتدار محمدخاں،صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے ایک علمی نشست میں کیا۔اس نشست کا انعقاد شعبہ میںڈاکٹر محمد علی زادے نوری،ڈپٹی ڈائریکٹر،حوزہ علمیہ،قم،ایران کی قیادت میں آئے ایک علمی وفد سے تبادلہ خیال کے لیے کیا گیا تھا۔صدرشعبہ نے وفد کا استقبال کرتے ہوئے انہیں شعبہ کے اہداف و مقاصد اور علمی و تحقیقی سرگرمیوں سے واقف کرایا،نیز فرمایا کہ ایران کے اہل علم ودانش نے علمی محاذ پر اسلام کی گراں قدر خدمات انجام دی ہیں،جس کا اعتراف متعدد مقامات سے کیا جاتا رہا ہے۔شعبے کے سینئر پروفیسر اورڈین، فیکلٹی آف ہیومینٹیزاینڈ لینگویجزڈاکٹر محمد اسحق نے وفد کوجامعہ ملیہ اسلامیہ کی تاریخ سے واقف کراتے ہوئے فرمایا کہ ماضی قریب میں شعبہ اسلامک اسٹڈیز کا ایران کی متعدد جامعات سے علمی تعلق رہا ہے اور اب اس روایت کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ملک کے اساتذہ اور طلبہ وطالبات ایک دوسرے کے علم وادب اور تحقیق سے مستفید ہوتے ہوئے نمایاں کارنامے انجام دے سکیں۔ ڈاکٹر محمد علی زادے نوری،ایران نے قم میں موجودحوزہ علمیہ(دینی مدارس)کی علمی وتحقیقی خدمات کا مفصل تعارف پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ ان میں دینی تعلیم کے علاوہ عصری علوم کی بھی تعلیم دی جاتی ہے،البتہ انہیں اسلامی نقطہ نظر سے پڑھانے کی کوشش کی جاتی ہے تاکہ طلبہ معاشرے میں ایک ایسی تہذیب کو جنم دے سکیں جس پردنیا عمل پیرا ہوکر امن وسکون حاصل کرسکے۔ڈاکٹر عامر حسن شیعی،شعبہ تحقیق وبین الاقوامی تعلقات،حوزہ علمیہ،قم ،ایران نے شعبہ کی تعلیمی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم مستقبل قریب میں یہاں کے اساتذہ کو حوزہ علمیہ،قم کے دورے کی دعوت دیں گے تاکہ ہمارے طلبہ ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کر سکیں،نیزانہوں نے تجویز پیش کی کہ دونوں جامعات کے درمیان سیمینار؍ ویبینار وغیرہ کے ذریعے تہذیب و ثقافت اور تعلیمی صورتِ حال کا باہمی تبادلہ خیال کیا جائے۔ اس موقع پرشعبہ اسلامک اسٹڈیز کے تمام اساتذہ جناب جنید حارث،ڈاکٹر محمدمشتاق، ڈاکٹرمحمد ارشد،ڈاکٹرمحمد خالد خان،ڈاکٹر محمدعمر فاروق،ڈاکٹر خورشید آفاق،ڈاکٹر عبدالوارث خان،ڈاکٹر جاوید اختر،ڈاکٹر انیس الرحمان، ڈاکٹر محمد اسامہ، ڈاکٹر ندیم سحر عنبریں اور ڈاکٹر عمار عبدالحئی موجود تھے۔
Comments are closed.