جمعیۃ علماء گوونڈی(ارشدمدنی) کی جانب سے ضرورت مندوں کے درمیان افطارکٹ کی تقسیم کاسلسلہ جاری

 

سال گذشتہ رمضان المبارک میں ۶۰۰سے زائدضرورت مندوں کے درمیان افطارکٹ تقسیم کیاگیاتھا:مولاناصدرعالم قاسمی

ممبئی(بصیرت آن لائن) جمعیۃ علماء گوونڈی حلقہ (ارشدمدنی) کی جانب سے ہرسال کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک میں ضرورت مندوں کی ضرورت کاخیال رکھتے ہوئے افطارکٹ کی تقسیم کاسلسلہ جاری ہے۔اس افطارکٹ میںضرورت کاتمام سامان مہیاکیاگیاہے جس میں کھجور،بیسن،نمک،سوی،مسالہ جات،چائے پتی،شکر،میٹھاتیل،دال مسور،دال تور،وٹانا،چنا،آٹااورچاول شامل ہیں۔اس موقع پرجمعیۃ علماء حلقہ گوونڈی کے جنرل سکریٹری مولاناصدرعالم قاسمی نے بتایاکہ اس کٹ میں ضرورت کے مطابق اتناسامان ہے کہ ایک فیملی کورمضان کے لئے وہ سامان کافی ہوجائے گا۔مولاناقاسمی نے مزیدبتایاکہ اسی طرح تقریبا۱۰۰سے زائدعلماء کے لئے بھی افطارکٹ کاانتظام کیاگیاہے جوخالص تعاون کی رقم سے دیاجائے گا۔انہوں نے کہاسال گذشتہ ہم نے ۶۰۰غریب،محتاج اورضرورت مندوں میں افطارکٹ تقسیم کیاتھااس کے علاوہ تقریبا۱۰۰؍سے زائدعلمائے کرام کوخالص تعاون کی رقم سے افطارکٹ تقسیم کیاتھا،اس سال بھی ان شاء اللہ ضرورت مندوں کے ساتھ ساتھ حلقہ کے موقرعلمائے کرام کی خدمت میں بھی افطارکٹ پیش کیاجائے گا۔مولاناصدرعالم قاسمی نے کہاکہ جمعیۃ علماء مہاراشٹرکے صدرمولانامستقیم احسن اعظمی،جنرل سکریٹری مولاناحلیم اللہ قاسمی کی خاص ہدایت ہے کہ رمضان کے مبارک مہینے میں علاقے کے غریب ومحتاج،بیوہ اورضرورت مندوں کاخاص خیال رکھاجائے اوررمضان کی بابرکت ساعتوں میں ان کی خاص امدادفرماکران کی دعائیں لی جائیں ۔جمعیۃ علماء ہندملک کی سب سے موقرتنظیم ہے جس کامقصدہی ملت اسلامیہ کی خدمت ہے،اورہمیشہ ہرموقع پرجمعیۃ علماہندملت کی خدمت کے لئے پیش پیش رہتی ہے،جب بھی جیسابھی موقع آتاہے جمعیۃ علماء نمایاں طورپرملت اسلامیہ کی خدمات انجام دیتی ہے۔خواہ وہ فسادزدہ مسلمانوں کی بازآبادکاری کامسئلہ ہو،بےقصوراورمعصوم نوجوانوںکی گرفتاری اوران کی رہائی کامسئلہ ہو،دہشت گردی کے الزام میں سالوں جیل کی سلاخوں کے پیچھے بندمسلمانوں کوباعزت بری کرانے کامسئلہ ہو،جمعیۃ علمائے ہندتمام معاملات میں اپنی نمایاں خدمات انجام دے کرمسلمانوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنائے ہوئی ہے۔

اس موقع پر جمعیۃ علماء حلقہ گوونڈی کے صدر مولانا محسن، یوسف پٹیل نائب صدر، جمعیۃ علماء کرلا زون کے جنرل سکریٹری مولانا اسید قاسمی اور مفتی محمد احمد قاسمی نے مشترکہ طور پر اپیل کی ہے کہ رمضان کے بابرکت مہینے میں اپنی صدقات، زکوٰۃ اور عطیات میں جمعیۃ علماء کو نہ بھولیں، آپ کی زکوٰۃ صدقات و عطیات کے لیے جمعیۃ علماء ہند ایک بہترین مصرف ہے، آپ کے تعاون سے ہزاروں غریب و نادار، محتاج اور ضرورت مندوں کی ضروریات پوری ہوں گی اور یہ سب آپ کے لئے صدقہ جاریہ ہوگا. جمعیۃ علماء تک اپنی زکوٰۃ و صدقات اور عطیات پہونچانے کے لیے مولانا صدر عالم قاسمی سے اس نمبر 8108730793 پر رابطہ کریں.

Comments are closed.