Baseerat Online News Portal

روزوں سے آخر کیا مطلوب ہے؟

 

 

ڈاکٹر محمد واسع ظفر

 

جس طرح اللہ رب العزت نے دنیا میں کوئی ایسی مخلوق پیدا نہیں کی جو کہ بے فائدہ یا بلا مقصد ہو، ٹھیک اسی طرح اس نے جن و انس پر کوئی ایسا حکم بھی عائد نہیں کیا جو بے فائدہ یا بلا مقصد ہو یا پھر ان کی استطاعت سے باہر ہو۔ درحقیقت پوری کی پوری شریعت اسلامیہ جن و انس کے دنیوی یا اخروی فوائد پر ہی مبنی ہے جسے معمولی غور و فکر سے سمجھا بھی جا سکتا ہے لیکن عام طور لوگ چونکہ تشریعی احکام کی حکمتوں پر غور نہیں کرتے اس لئے وہاں تک ان کی رسائی نہیں ہوتی اور وہ احکام شریعت کو اپنے لئے بوجھ سمجھتے ہیں اور بعض تو ان کی مخالفت پر بھی اتر آتے ہیں۔ پھر جو غور کرنے والے ہیں ان کے غور و فکر کے بھی مختلف زاویے ہیں؛ کوئی احکام کو فقط دنیوی فوائد کے نقطہ نظر سے دیکھتا ہے تو کوئی انہیں فقط اخروی فوائد کے زاویے سے دیکھتا ہے جو یقیناً دنیوی فوائد کے مقابلہ میں برتر، پائیدار اور حتمی نوعیت کے ہوتے ہیں۔

یہی معاملہ روزے کے ساتھ ہے کہ میڈیکل سائنس اور طب سے جڑے لوگوں نے اپنی اپنی پرواز کے مطابق اس کے فوائد اور انسانی صحت پر پڑنے والے اس کے اثرات کو نمایاں کیا جس کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ لیکن وہ سب اس کے ضمنی فوائد ہیں اصل مقصد جو ان سب سے بہت اعلیٰ و ارفع ہے اسے اللہ رب العزت نے اپنی کتاب میں خود بیان کردیا ہے۔ فرمایا:

"يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا كُتِبَ عَلَيْكُمُ الصِّيَامُ كَمَا كُتِبَ عَلَى الَّذِينَ مِن قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ ◌” (البقرہ: ۱۸۳) (مفہوم): "اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کردیئے گئے ہیں، جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے اس توقع پر کہ تم پرهیزگار بن جاؤ۔”

اس آیت پر غور کرنے سے پتا چلتا ہے کہ روزے سے یہ توقع ہے کہ انسان کے اندر تقویٰ کی صفت پیدا ہو کیوں کہ لفظ لَعَلَّكُمْ میں لَعَلَّ حرف مشبہ بفعل ہے اور عربی میں اندیشہ، امید، توقع اور امکان بالوثوق کا مفہوم ادا کرنے کے لئے ہی استعمال ہوتا ہے۔ تقویٰ کی یہ صفت کیا ہے اسے اس روایت کی روشنی میں بہتر طور پر سمجھا جا سکتا ہے:

"قال رجل لأبي ه‍ريرةؓ ما التقوى؟ قال: أخذت طريقاً ذا شوك؟ قال: نعم، قال: فكيف صنعت ؟ قال: إذا رأيت الشوك عدلت عنه أو جاوزته أو قصرت عنه، قال: ذاك التقوى” (كتاب الزهد الكبير للبيهقيؒ، دار الجنان ومؤسسة الكتب الثقافية، بيروت، لبنان، الطبعة الأولىٰ ١٩٨٧م، رقم الحديث ٩٦٣)

(مفہوم): "ایک شخص نے ابوہریرہؓ سے پوچھا: تقویٰ کیا ہے؟ انہوں نے فرمایا: کیا تم نے کبھی کانٹے دار راستہ اختیار کیا ہے؟ اس نے کہا: ہاں، انہوں نے فرمایا: پھر تم نے گزرتے وقت کیا کیا تھا ؟ اس نے کہا: جب میں کانٹا دیکھتا تو اس سے ہٹ جاتا یا اس سے بچ کر نکل جاتا یا اس سے نہیں گزرتا۔ فرمایا: یہی تقویٰ ہے۔”

مذکورہ مکالمے میں تقویٰ کی بہترین تشریح موجود ہے کہ جس طرح جھاڑی دار اور کانٹے دار راستے پر چلتے وقت انسان اپنے کپڑوں کو سمیٹ کر بچتا بچاتا گزرتا ہے، ٹھیک اسی طرح زندگی کے سفر میں گناہوں، آلائشوں، نفس کی بے جا خواہشوں، شیطانی وسوسوں اور اللہ کو ناراض کرنے والی چیزوں سے بچتے بچاتے گزر جانے کا نام تقویٰ ہے۔ گویا تقویٰ ضبط نفس (Self-Control) یا برائیوں سے بچنے کی استعداد کا نام ہے۔ یہ بات چونکہ روزے سے بہتر طریقے پر حاصل کی جاسکتی ہے اس لئے اللہ رب العزت نے اسے نہ صرف ہم پر فرض کیا ہے بلکہ پچھلی امتوں پر بھی فرض کیا تھا۔

دراصل "الصَّوْمُ” کے اصل معنی ہی کسی کام سے رک جانے یا باز رہنے کے ہیں۔ اصطلاح شریعت میں کسی مکلف شخص کا روزہ رکھنے کی نیت سے صبح صادق سے غروب آفتاب تک کھانے پینے، عمداً قے کرنے اور جماع (Sexual Intercourse) سے رکے رہنے کو صیام کہتے ہیں اور یہاں صیام کے معنی رمضان کے روزے ہیں۔ (انوار البیان فی حل لغات القرآن از علی محمد، مکتبہ سید احمد شہیدؒ، لاہور، ۲۰۰۵ء،جلد ۱، صفحہ ١٤٢)

جو لوگ اللہ تعالیٰ کو اپنا رب تسلیم کرتے ہیں، وہ اس کے حکم کے پیش نظر ایک معین وقت کے دوران مذکوره باتوں سے رک جاتے ہیں۔ حلال اور بہترین غذائیں ان کے سامنے ہوتی ہیں اور خوبصورت شریک حیات بھی ان کے قریب ہوتی ہیں لیکن وہ تب تک خود کو قابو میں رکھتے ہیں جب تک اللہ تعالیٰ کی اجازت کا معین وقت نہ آجائے۔ وہ وضو کے دوران منہ میں پانی بھی لیتے ہیں، کلی کرتے ہیں لیکن ایک گھونٹ پانی حلق کے اندر نہیں جانے دیتے جب کہ اگر وہ ایسا کرلیں تو کوئی دوسرا آدمی اسے دیکھ یا سمجھ بھی نہیں سکتا۔ آخر ایسا کیوں کر ممکن ہوتا ہے؟ کیوں کہ انہیں اس بات کا استحضار ہوتا ہے کہ کوئی دیکھے یا نہ دیکھے ان کا رب انہیں دیکھ رہا ہے۔ اب آپ غور کیجئے کہ جو بندہ اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر اس کی حلال کردہ چیزوں سے بھی ایک معینہ مدت تک رک جائے، کیا وہ گوارا کرے گا کہ اسی دورانیہ میں اس کی حرام کرده چیزوں کی طرف اپنا قدم بڑھائے۔ اگر وہ حرام کردہ چیزوں کی طرف قدم بڑھاتا ہے تو یہی کہا جائے گا کہ اس نے روزہ رسماً رکھا ہوا ہے، اسے نہ ہی روزے کی سمجھ ہے اور نہ ہی اللہ تعالیٰ کا استحضار۔ اسی لئے اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا: «مَنْ لَمْ يَدَعْ قَوْلَ الزُّورِ وَالعَمَلَ بِهِ وَالجَهْلَ، فَلَيْسَ للهِ حَاجَةٌ أَنْ يَدَعَ طَعَامَهُ وَشَرَابَهُ» (صحیح البخاریؒ، مكتبة الرشد، الرياض، الطبعة الثانية ٢٠٠٦م، رقم الحدیث ٦٠٥٧ بروایت ابوہریرہؓ) (مفہوم): "جو شخص (روزہ کی حالت میں) جھوٹ بولنا، اس پر عمل کرنا اور جہالت کی باتوں کو نہ چھوڑے تو اللہ کو اس کی کوئی ضرورت نہیں کہ وہ اپنا کھانا پینا چھوڑدے ۔”

ظاہر ہے کہ اللہ رب العزت نے اس پر روزے صرف اسی لئے فرض کئے تھے کہ اس کے اندر گناہوں سے بچنے کی استعداد پیدا ہو مگر جب وہ روزے کے دوران ہی الله تعالیٰ کی نافرمانیاں کرتا رہا تو گویا ایسا ہے جیسے اس نے تقویٰ کے حصول کا ارادہ ہی نہیں کیا تو الله تعالیٰ کو اسے بھوکا پیاسا رکھنے سے کیا غرض ہے؟ نتیجے کے اعتبار سے اس کا روزہ ایسا ہی ہے جیسے بھوکا پیاسا رہ جانا۔

اسی بات کو نبی کریم ﷺ نے یوں بھی بیان فرمایا ہے: "كَمْ مِنْ صَائِمٍ لَيْسَ لَهُ مِنْ صِيَامِهِ إِلَّا الظَّمَأُ وَكَمْ مِنْ قَائِمٍ لَيْسَ لَهُ مِنْ قِيَامِهِ إِلَّا السَّهَرُ” (مسند الدارمیؒ، دار ابن حزم، بيروت، الطبعة الأولىٰ ٢٠٠٢م، رقم الحديث ٢٧٥٤، بروایت ابوہریرہؓ)۔

(مفہوم): ’’کتنے ہی روزے دار ایسے ہیں جنہیں اپنے روزے سے پیاس کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا اور کتنے ہی قیام اللیل کرنے والے ایسے ہیں جنہیں اپنے قیام سے جاگنے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا ۔‘‘

ظاہر ہے کہ یہ وہی لوگ ہیں جو روزے کے دوران نہ جھوٹ، غیبت اور فحش گوئی سے بچتے ہیں اور نہ ہی دھوکہ دھڑی اور حرام خوری سے، نہ اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں اور نہ ہی الله تعالیٰ کے دوسرے احکام کی۔ حالانکہ تقویٰ کا تقاضا یہ تھا کہ وہ منہیات اور محرمات سے تو کیا مشتبہات سے بھی پرہیز کرتے اور الله تعالیٰ کے احکام کا لحاظ رکھتے ہوئے زندگی گزارتے جیسا کہ پیارے نبی ﷺ نے فرمایا ہے۔ آپ کا ارشاد ہے: «إِنَّ الْحَلَالَ بَيِّنٌ، وَإِنَّ الْحَرَامَ بَيِّنٌ، وَبَيْنَهُمَا مُشْتَبِهَاتٌ لَا يَعْلَمُهُنَّ كَثِيرٌ مِنَ النَّاسِ، فَمَنِ اتَّقَى الشُّبُهَاتِ اسْتَبْرَأَ لِدِينِهِ، وَعِرْضِهِ، وَمَنْ وَقَعَ فِي الشُّبُهَاتِ وَقَعَ فِي الْحَرَامِ، كَالرَّاعِي يَرْعَى حَوْلَ الْحِمَى، يُوشِكُ أَنْ يَرْتَعَ فِيهِ، أَلَا وَإِنَّ لِكُلِّ مَلِكٍ حِمًى، أَلَا وَإِنَّ حِمَى اللهِ مَحَارِمُهُ” (صحيح مسلم، دار السلام، الرياض، الطبعة الثانية ٢٠٠٠م، جزء من رقم الحديث ٤٠٩٤)، بروایت نعمان بن بشیرؓ)

(مفہوم): ’’بلاشبہ حلال واضح ہے اور حرام واضح ہے اور ان دونوں کے درمیان مشتبہات ہیں جن کو لوگوں کی بڑی تعداد نہیں جانتی، پس جو شبہات سے بچا اس نے اپنے دین اور آبرو کو بچا لیا اور جو شبہات میں پڑ گیا وہ بالآخر حرام میں بھی پڑگیا، جیسے چرواہا جو (شاہی محفوظ) چراگاه کے اردگرد (بکریاں) چراتا ہے، قریب ہے کہ وہ اس (چراگاه) میں داخل ہو کر چرنے لگیں (اور وہ شاہی مجرم قرار پائے)، دیکھو! ہر بادشاہ کی ایک چراگاہ ہوتی ہے۔ خبردار رہو! اللہ کی چراگاه اس کی حرام کرده اشیاء (یا حدود اللہ) ہیں۔”

اس لئے تقویٰ کے حصول کے لئے یہ ضروری ہے کہ انسان مشتبہ چیزوں سے بھی پرہیز کرے اور ان چیزوں سے بھی جو کراہت کے ساتھ جائز ہیں کیوں کہ یہ اللہ تعالیٰ کے قائم کردہ حدود کے قریب جانے کے مترادف ہے۔ اس بات کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یوں بیان فرمایا:

"لَا يَبْلُغُ الْعَبْدُ أَنْ يَكُونَ مِنَ الْمُتَّقِينَ حَتَّى يَدَعَ مَا لَا بَأْسَ بِهِ حَذَرًا لِمَا بِهِ الْبَأْسُ” (سنن الترمذيؒ، دار الحضارة للنشر والتوزيع، الرياض، الطبعة الثانية ٢٠١٥م، رقم الحديث ٢٤٥١، بروایت عطیه سعدیؓ)

(مفہوم): ”کوئی بندہ متقیوں کے مقام کو نہیں پہنچ سکتا جب تک کہ وہ اس بات کو کہ جس میں کوئی حرج نہ ہو، اس چیز سے بچنے کے لیے نہ چھوڑ دے، جس میں حرج (برائی) ہے“۔

اس طرح جو شخص پورے ایک مہینے اللہ تعالیٰ کے استحضار اور اس کے فرامین کا لحاظ رکھتے ہوئے روزے کا اہتمام کرے گا تو اس سے امید ہے کہ بقیہ گیارہ مہینوں میں بھی وہ اللہ تعالیٰ کے احکام کا پاس و لحاظ رکھے گا۔ اگر یہ کیفیت پیدا ہو گئی تو سمجھیں کہ رمضان المبارک کا مہینہ کامیابی کے ساتھ گزرا اور روزے اپنے مقصد کو پہنچے۔ اور اگر معاملہ اس کے برعکس ہے تو سمجھ لیں کہ بھوک اور پیاس کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آیا۔ یہ یاد رہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے مرجھائے ہوئے چہرے اور سوکھے ہوئے جسم کو نہیں دیکھتا، وہ تو آپ کے دل کی کیفیت دیکھتا ہے کہ وہ کس درجہ میں مطیع ہے اور صدق واخلاص سے کس درجہ میں معمور؟ روزے سے آپ نے تقویٰ کے حصول کی نیت کی ہے یا کچھ اور وہ یہ بھی جانتا ہے۔ وہ یہ بھی جانتا ہے کہ رمضان کے بعد آپ کے ارادے تقویٰ کے ساتھ زندگی گزارنے کے ہیں یا شریعت کی پابندیوں سے یکسر آزاد رہ کر۔ اسی لئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے سینے کی طرف اشارہ کرکے فرمایا تھا کہ تقویٰ یہاں ہے یعنی دل میں ہے۔ (دیکھیں صحیح مسلم، رقم الحدیث ٦٥٤١ اور ٦٥٤٢)۔

 

اب آپ یہ سوچ سکتے ہیں کہ آخر تقویٰ پر اتنا زور کیوں دیا جارہا ہے اور اس کے ثمرات کیا ہیں؟ تو جان لیجئے کہ تقویٰ ہی وہ صفت ہے جو ایمان کے بعد اللہ رب العزت کو سب سے زیادہ محبوب ہے۔ اللہ کا ارشادِ ہے: "اِنَّ اَکۡرَمَکُمۡ عِنۡدَ الله اَتۡقٰکُمۡ "یعنی بلاشبہ اللہ کے نزدیک تم سب میں سے با عزت وہ ہے جو سب سے زیادہ تقویٰ والا ہے۔ (سورة الحجرات: ١٣)

یہی تقویٰ ساری عبادتوں کا مقصود ہے اور یہی ایک مسلمان کی عملی زندگی کا نصب العین بھی ہے۔ اسے قرآن کی اس آیت کی روشنی میں سمجھا جاسکتا ہے:

"یٰۤاَیُّہَا النَّاسُ اعۡبُدُوۡا رَبَّکُمُ الَّذِیۡ خَلَقَکُمۡ وَ الَّذِیۡنَ مِنۡ قَبۡلِکُمۡ لَعَلَّکُمۡ تَتَّقُوۡنَ ◌” ﴿سورة البقرۃ:٢١﴾

(مفہوم): "اے لوگو! اپنے اس رب کی عبادت کرو جس نے تمہیں اور ان لوگوں کو پیدا کیا جو تم سے پہلے گزرے ہیں تاکہ تم متقی بن جاؤ۔”

اسی تقویٰ پر دنیا میں مومنوں کے ساتھ نصرت، رحمت اور برکت کے وعدے ہیں ۔ مثال کے طور پر اس آیت کو ملاحظہ فرمائیں:

"وَ لَوۡ اَنَّ اَہۡلَ الۡقُرٰۤی اٰمَنُوۡا وَ اتَّقَوۡا لَفَتَحۡنَا عَلَیۡہِمۡ بَرَکٰتٍ مِّنَ السَّمَآءِ وَ الۡاَرۡضِ وَ لٰکِنۡ کَذَّبُوۡا فَاَخَذۡنٰہُمۡ بِمَا کَانُوۡا یَکۡسِبُوۡنَ◌” (سورة الأعراف: ٩٦)

(مفہوم): "اور اگر ان بستیوں کے رہنے والے ایمان لے آتے اور تقویٰ اختیار کرتے تو ہم ان پر آسمان اور زمین کی برکتیں کھول دیتے لیکن انہوں نے تکذیب کی تو ہم نے ان کے اعمال کی وجہ سے ان کو پکڑ لیا ۔”

اسی تقویٰ پر الله ربّ العزت نے گناہوں کی بخشش اور ایک خاص قسم کی ایمانی بصیرت عطا کرنے کا وعدہ کیا ہے جس سے حق و باطل کے درمیان تمیز کی قوت پیدا ہوتی ہے۔۔

"یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِنۡ تَتَّقُوا اللّٰہَ یَجۡعَلۡ لَّکُمۡ فُرۡقَانًا وَّ یُکَفِّرۡ عَنۡکُمۡ سَیِّاٰتِکُمۡ وَ یَغۡفِرۡ لَکُمۡ ؕ وَ اللّٰہُ ذُو الۡفَضۡلِ الۡعَظِیۡمِ◌” ﴿سورة الأنفال: ٢٩﴾

(مفہوم): "اے ایمان والو! اگر تم اللہ کے ساتھ تقویٰ کی روش اختیار کروگے تو وہ تمھیں فرقان (حق و باطل کی تمیز کی قوت) عطا فرمائے گا اور تم سے تمہاری برائیاں دور کردے گا اور تمہیں بخش دے گا اور اللہ تعالٰی بڑے فضل والا ہے ۔”

اور اسی تقویٰ پر آخرت میں نجات کا انحصار ہے۔

"وَ یُنَجِّی اللهُ الَّذِیۡنَ اتَّقَوۡا بِمَفَازَتِہِمۡ ۫ لَا یَمَسُّہُمُ السُّوۡٓءُ وَ لَا ہُمۡ یَحۡزَنُوۡنَ ◌” ﴿سورة الزمر: ٦١﴾

(مفہوم): "اور جن لوگوں نے تقویٰ اختیار کیا ہے، الله ان کو کامیابی کے ساتھ نجات دے گا، انہیں کوئی برائی (تکلیف) چھوئے گی بھی نہیں اور نہ ہی وہ غمگین ہوں گے ۔”

اور اسی تقویٰ پر آخرت میں بہترین اجر اور جنت کا وعدہ ہے۔

"وَ لَاَجۡرُ الۡاٰخِرَۃِ خَیۡرٌ لِّلَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَ کَانُوۡا یَتَّقُوۡنَ ◌” ﴿سورة يوسف: ٥٧﴾

(مفہوم): "آخرت کا جو اجر ہے وہ ان لوگوں کے لئے کہیں زیادہ بہتر ہے جو ایمان لاتے اور تقویٰ پر کاربند رہتے ہیں۔”

اور فرمایا: "اِنَّ الۡمُتَّقِیۡنَ فِیۡ جَنّٰتٍ وَّ نَہَرٍ ◌” (سورة القمر: ٥٤)

(مفہوم): "بے شک متقین (جنہوں نے تقویٰ کی روش اختیار کی ہے) باغات اور نہروں میں ہوں گے۔

نیز فرمایا:

"مَثَلُ الۡجَنَّۃِ الَّتِیۡ وُعِدَ الۡمُتَّقُوۡنَ ؕ تَجۡرِیۡ مِنۡ تَحۡتِہَا الۡاَنۡہٰرُ ؕ اُکُلُہَا دَآئِمٌ وَّ ظِلُّہَا ؕ تِلۡکَ عُقۡبَی الَّذِیۡنَ اتَّقَوۡا ٭ۖ وَّ عُقۡبَی الۡکٰفِرِیۡنَ النَّارُ ◌” ﴿الرعد: ۳۵﴾

(مفہوم): "وہ جنت جس کا متقی لوگوں سے وعدہ کیا گیا ہے اس کا حال یہ ہے کہ اس کے نیچے نہریں بہتی ہیں۔ اس کے پھل بھی سدا بہار ہیں اور اس کی چھاؤں بھی – یہ ہے انجام ان لوگوں کا جنہوں نے تقویٰ اختیار کیا اور کافروں کا انجام کار دوزخ ہے۔”

یہ ہے اس تقویٰ کی اہمیت جس کے حصول میں معاونت کے پیش نظر ہم پر روزے فرض کئے گئے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ دنیا اور آخرت میں الله تعالیٰ کے انعامات کے جتنے وعدے ہیں وہ سب ایمان اور تقویٰ کے ساتھ مشروط ہیں۔ لیکن المیہ یہ ہے کہ آج جو لوگ با ایمان ہونے نیز اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے محبت رکھنے کے دعوے رکھتے ہیں، ان میں سے اکثر کا تقویٰ سے دور دور کا تعلق نہیں۔ اسی لئے اللہ تعالیٰ کے وہ وعدے ہمارے ساتھ دنیوی زندگی میں پورے نہیں ہورہے جو اس نے ایمان والوں سے کئے ہوئے ہیں اور آخرت کی کامیابی بھی داؤ پر لگی ہوئی ہے لیکن ہمیں اس کا احساس بھی نہیں۔ اس لئے ہمیں چاہیے کہ تقویٰ کی روش اختیار کرنے کو ہم اپنی زندگی کا نصب العین بنائیں گو اس راہ میں ہمیں کتنے ہی مجاہدے برداشت کرنے پڑیں اور روزوں سے بھی اس کے حصول کی نیت رکھیں اور سارے آداب کی رعایت کرتے ہوئے ان کا اہتمام کریں تبھی ان کے ثمرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ الله پاک اس حقیر کو بھی عمل کی توفیق عطا کرے اور تقویٰ کی دولت سے مالامال فرمائے۔ آمین!

Comments are closed.