بنوٴلی میں شرابی بیٹے کا باپ پر جان لیوا حملہ، سونے کی چین اور نقدی لوٹی، چاقو دکھا کر جان سے مارنے کی دی دھمکی، بوڑھے باپ نے انصاف کی لگائی فریاد

 

جالے (محمد رفیع ساگر/بی این ایس) سِمری تھانہ حلقہ کے بنوٴلی گاؤں میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شرابی بیٹے نے اپنے ہی بوڑھے باپ پر جان لیوا حملہ کرتے ہوئے نہ صرف انہیں بری طرح زخمی کر دیا بلکہ ان کا سونا اور نقدی بھی چھین لی۔

 

متاثرہ بزرگ، گربو یادو نے اپنے بیٹے تِیج نارائن یادو کے خلاف ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے بتایا کہ 29 جون کی شام وہ اپنے آنگن میں بیٹھے تھے، اسی دوران ان کا بیٹا نشے کی حالت میں آیا اور گالیاں دینے لگا۔ جب انہوں نے منع کیا تو بیٹے نے ان پر حملہ کر دیا اور بری طرح مار پیٹ کر انہیں نیم مردہ کر دیا، جس کی وجہ سے ان کا ہاتھ فریکچر ہو گیا۔

 

گربو یادو نے مزید بتایا کہ ان کے گلے سے ایک بھر سونے کی چین چھین لی گئی، جبکہ آنگن میں ٹنگی کپڑوں میں رکھے 5000 روپے بھی زبردستی لے لیے گئے۔ حملے کے دوران تیج نارائن نے اپنی کمر سے چاقو نکال کر دھمکی دی کہ اگر اس کے خلاف کہیں شکایت کی تو جان سے مار دے گا۔ بزرگ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کا بیٹا اکثر کمر میں چاقو رکھتا ہے اور نشے میں دھت ہو کر آئے دن انہیں مارنے آتا ہے۔

 

بوڑھے باپ نے پولیس اور انتظامیہ سے فریاد کی ہے کہ وہ ایک لاچار و مجبور شخص ہیں، اور انہیں انصاف دلایا جائے، ورنہ وہ دن دور نہیں جب ان کا بیٹا ان کی جان لے لے گا۔

 

معاملے کی تحقیقات سِمری تھانہ پولیس نے شروع کر دی ہے۔

Comments are closed.