مولانا رابع حسنی ندوی کا انتقال اتحاد امت کے لیے عظیم نقصان:ڈاکٹر عبدالقدیر

بیدر14؍اپریل(محمدامین نواز)صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا رابع حسنی ندوی کا سانحہ ارتحال امت مسلمہ اور برصغیر میں اتحاد امت کے لئے عظیم نقصان ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر چیئرمین شاہین ادارہ جات بیدر و تاسیسی رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے حضرت مولانا رابع حسنی ندوی کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کی شخصیت نے ہندستان میں مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق پیدا کرنے اور انہیں متحد رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مولانا رابع حسنی ندوی نے انتہائی سادہ زندگی گذارتے ہوئے عالم باعمل و صوفی باصفاء کی عملی صورت پیش کی تھی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ مولانا کی ہر ہمیشہ شاہین ادارہ جات بیدر کیلئے سرپرستی تھی اور ہمیشہ مفید مشوروں سے آگاہ کرتے تھے ۔ انہوں نے مولانا کے سانحہ ارتحال پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اللہ سے دعاء گو ہیں کہ اللہ امت مسلمہ کی رہنمائی و رہبری کے لئے بہترین نعم البدل عطاء کرے اور مرحوم کے درجات کو بلند کرے۔ انہو ںنے افراد خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اس خانوادہ سے مزید رہبران قوم وملت پیدا کرے جو کہ برصغیر کے علاوہ عالم اسلام میں بطور محافظ شریعت خدمات انجام دے سکیں۔

Comments are closed.