اترپردیش: شاہجہاں پور میں بڑاسڑک حادثہ، اب تک 11 لوگوں کی موت، وزیراعظم نے معاوضے کا کیااعلان

نئی دہلی(ایجنسی) اترپردیش کے شاہجہاں پور میں ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں ایک ٹریکٹر ٹرالی پل سے نیچے گر گئی ہے۔ واقعہ کے وقت اس ٹریکٹر ٹرالی میں بڑی تعداد میں لوگ سوار تھے۔ واقعہ تلہار تھانے سے بتایا جا رہا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ نے راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا ہے۔ اب تک اس واقعہ میں 11 سے زیادہ لوگوں کی موت کی اطلاع مل رہی ہے۔ جبکہ کئی افراد شدید زخمی ہیں۔ وزیراعظم مودی نے بھی اس واقعہ پر معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پی ایم مودی نے ہلاک ہونے والوں کے لیے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
شاہجہاں پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ایس آنند نے واقعے کے بارے میں بتایا کہ حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ جس میں آٹھ بچے ایک مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ ساتھ ہی چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ شیلیندر کمار نے بتایا کہ اس واقعے میں 24 دیگر زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 21، بشمول سات شدید زخمی، گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ حکام نے بتایا کہ تین دیگر کو تلہار پرائمری ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔
واقعہ کے بارے میں ایک اہلکار نے بتایا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر ضلع انتظامیہ، ریاستی آفات ذمہ دارفورس اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے اہلکار امدادی کاموں کے لیے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ اس سے پہلے موقع پر پہنچے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (دیہات) سنجیو باجپئی نے بتایا کہ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور، جو بیرسنگھ پور میں گڑا ندی کے پل پر اجمت پور گاؤں سے بھگوت کتھا کے لیے پانی لینے جا رہا تھا، اپنا توازن کھو بیٹھا، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعدد تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے ٹرالی میں دبے افراد کو نکال کر تمام کو تلہار کے مرکز صحت پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے چھ افراد کو مردہ قرار دے دیا۔ اس کے بعد علاج کے دوران مزید پانچ افراد کی موت ہو گئی۔ اس طرح حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 11 ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک کی تحقیقات میں یہ اطلاع ملی ہے کہ ٹرالی پر 30 سے زائد افراد سفر کر رہے تھے۔ٹیمیں راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔
اس حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور انتظامیہ کی کئی ٹیمیں راحت اور بچاؤ کے کاموں میں لگی ہوئی ہیں۔ اب تک کئی لوگوں کو تشویشناک حالت میں جائے وقوعہ سے باہر نکالا جا چکا ہے۔ جنہیں بعد ازاں علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اس واقعہ میں کئی لوگوں کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ جس کی وجہ سے ان کی حالت تشویشناک ہے۔

Comments are closed.