پاٹلی پترا کالونی میں ختم تراویح ، پروفیسر شکیل قاسمی کا خطاب

 

پٹنہ(پریس ریلیز)تراویح کے اختتام پر حافظ صاحب سورہ ناس کی قرآت کے فوراً بعد پھر سورہ بقرہ شروع کر دیتے ہیں گویا وہ پیغام دیتے ہیں کہ قرآن کبھی ختم ہونے والی کتاب نہیں ہے، بلکہ ہمیشہ شروع ہونے والی کتاب ہے ۔مذکورہ خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر مولانا شکیل احمد قاسمی پٹنہ ، چیرمین فاران فائونڈیشن انڈیا نے کیا۔ وہ پاٹلی پترا کالونی پٹنہ میں سنٹرل حج کمیٹی کے سابق چیرمین ، ممبر پارلیمنٹ جناب چودھری محبوب علی قیصر کے زیر انتظام ختم تراویح کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔
مولانا قاسمی نے کہا کہ قرآن کریم کا ہم پر تین حق ہے ۔ پہلا اس کی اچھی طرح سے تلاوت کی جائے ، دوسرا اس کے معانی اور مطالب سے واقفیت حاصل کی جائے ، تیسرا اس کے پیغامات و احکامات پر عمل کیا جائے ۔ قرآن کریم دستور حیات اور ضابطہ زندگی ہے ، قرآن کریم کی تلاوت سے انسان روح میں تازگی اور ایمان میں پختگی محسوس کرتا ہے ، اس کتاب کے عالمی سطح پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ امن و سلامتی کے قیام ، تہذیب و تمدن کے فروغ اور علم و حکمت کی دریافت میں قرآن کریم کا کردار بے حد اہم ہے ۔ مولانا حافظ زاہد اقبال ندوی نے احسن طریقے پر تراویح پڑھائی، جسے لوگوں نے بے حد پسند کیا ۔ یہاں اچھے انتظامات کے ساتھ تراویح کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ جناب چودھری فاروق صاحب ، جناب محبوب علی قیصر (ایم پی)، جناب یوسف صلاح الدین ( ایم ایل اے)، فیروز بابو لوگوں کی ضیافت میں مصروف رہتے ہیں ۔

Comments are closed.